کیا ﴿قُلْ هُوَ اللّٰهُ أَحَدٌ﴾ تین بار تلاوت کرنے سے پورا قرآن پڑھنے کا ثواب ملتا ہے؟

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ مبشر احمد ربانی کی کتاب احکام و مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

سوال:

کیا ﴿قُلْ هُوَ اللّٰهُ أَحَدٌ﴾ تین بار تلاوت کرنے سے پورا قرآن پڑھنے کا ثواب ملتا ہے؟

جواب:

کئی ایک احادیثِ صحیحہ سے یہ بات ثابت ہے کہ سورۃ الاخلاص تین بار پڑھنے سے پورے قرآن مجید کا ثواب مل جاتا ہے۔ ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ سے مسند احمد (419/4، 318/4، ح: 23950) اور ترمذی (2896) وغیرہ میں ایک حدیث روایت کی گئی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
جس آدمی نے رات کے وقت ﴿قُلْ هُوَ اللّٰهُ أَحَدٌ﴾ پڑھی تو اس نے ایک تہائی قرآن پڑھا۔
(الترغیب والترہیب 220/2)
گویا تین مرتبہ پڑھنے سے پورا قرآن پڑھنے کا اجر مل جاتا ہے۔ ابوالدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”کیا ہر رات ایک تہائی قرآن پڑھنا تم میں سے ہر کسی کو عاجز کر دیتا ہے؟ بلاشبہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کو تین اجزاء (حصوں) میں تقسیم کیا ہے اور ﴿قُلْ هُوَ اللّٰهُ أَحَدٌ﴾ کو اجزائے قرآن میں سے ایک جز بنا دیا ہے۔“
(مسند احمد 442/6، 447/6، 442/6، ح: 28043، 28072، 195/5، ح : 22048)، صحیح مسلم (811)
بہرحال یہ روایت بالکل صحیح ہے اور فرمانِ نبوی کے مطابق تین بار سورۃ الاخلاص پڑھنے سے پورے قرآن کا اجر مل جاتا ہے۔