سوال :
کیا گناہوں سے توبہ کرنا ضروری ہے؟
جواب :
گناہوں سے توبہ کرنا فرض ہے، کبائر کی بخشش کے لیے توبہ ضروری ہے۔
❀ فرمان الہی ہے:
﴿وَاَنِ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ ثُمَّ تُوبُوا إِلَيْهِ﴾
(هود: 3)
”اپنے رب سے بخشش مانگو اور اس سے توبہ کرو۔“
❀ نیز فرمایا:
﴿فَقُلْتُ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ إِنَّهُ كَانَ غَفَّارًا﴾
(نوح: 10)
”اپنے پروردگار سے معافی مانگو کہ وہ بڑا معاف کرنے والا ہے۔“
❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿وَيَا قَوْمِ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ ثُمَّ تُوبُوا إِلَيْهِ يُرْسِلِ السَّمَاءَ عَلَيْكُمْ مِدْرَارًا وَيَزِدْكُمْ قُوَّةً إِلَى قُوَّتِكُمْ وَلَا تَتَوَلَّوْا مُجْرِمِينَ﴾
(هود: 52)
”اے قوم! پروردگار سے بخشش مانگو، اس سے توبہ کرو، وہ تم پر موسلا دھار بارش برسائے گا اور تمہاری قوت بڑھائے گا، دیکھو مجرم بن کر روگردانی نہ کرو۔“
❀ علامہ ابن عطیہ اندلسی رحمہ اللہ (542ھ) اور علامہ ابن حیان اندلسی رحمہ اللہ (745ھ) فرماتے ہیں:
التوبة فرض بإجماع الأمة
”توبہ کرنا فرض ہے، اس پر امت کا اجماع ہے۔“
(تفسير ابن عطية: 23/2 ، البحر المحيط: 561/3)