کیا نماز تراویح اور نماز تہجد میں فرق ہے؟
ماخوذ: فتاوی امن پوری از شیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری

سوال:

کیا نماز تراویح اور نماز تہجد میں فرق ہے؟

جواب:

نماز تہجد اور تراویح میں کوئی فرق نہیں، یہ ایک نماز کے دو نام ہیں۔ بعض کہتے ہیں کہ تراویح اور تہجد دونوں علیحدہ نمازیں ہیں، ان کی یہ بات محل نظر ہے۔
❀ علامہ انورشاہ کاشمیری صاحب فرماتے ہیں:
”ایسی کوئی روایت ثابت نہیں ہے کہ نبی کریم صلى الله عليه وسلم نے رمضان میں نماز تہجد اور تراویح الگ الگ پڑھی ہوں، بلکہ عہد رسالت میں رکعات کے اعتبار سے تراویح اور تہجد میں کوئی فرق نہیں تھا، البتہ وقت اور طریقے میں کچھ فرق تھا کہ تہجد کے برعکس تراویح مسجد میں باجماعت ادا کی جاتی تھی۔ اسی طرح تراویح رات کے اول حصے میں پڑھی جاتی تھی اور نماز تہجد رات کے آخری حصے میں ادا کی جاتی تھی۔“
(العرف الشذی : 166/1)
❀ سیدنا ابو ذر رضی الله عنه بیان کرتے ہیں:
”ہم نے رسول اکرم صلى الله عليه وسلم کے ساتھ رمضان کے روزے رکھے۔ آپ صلى الله عليه وسلم نے قیام نہیں کروایا، تئیسویں شب کا تہائی حصہ قیام کروایا۔ چوبیسویں کو قیام نہیں کروایا، پھر پچیسویں کو نصف رات تک قیام کروایا۔ میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! کاش کہ آپ پوری رات قیام کرواتے۔ فرمایا: نماز عشا باجماعت ادا کرنے پر قیام اللیل کا ثواب ملتا ہے۔ چھبیسویں رات قیام نہیں کروایا۔ ستائیسویں شب صحابہ کو بمع اہل وعیال قیام کروایا، تا آنکہ ہمیں خدشہ ہوا کہ فلاح سے محروم نہ رہ جائیں۔ راوی نے ابوذر رضی الله عنه سے پوچھا: فلاح سے کیا مراد ہے؟ کہا: سحری۔ پھر بقیہ ایام قیام نہیں کروایا۔“
(مسند الإمام أحمد: 159/5، سنن أبي داود: 1375، سنن النسائي: 1606، سنن الترمذي: 806، سنن ابن ماجه: 1327، وسنده صحيح)
نبی کریم صلى الله عليه وسلم نے ساری رات قیام فرمایا، یہ قیام رمضان تھا، اس رات الگ سے نماز تہجد ادا کرنے کا وقت ہی نہیں تھا۔ معلوم ہوا کہ تہجد اور تراویح ایک ہی نماز کے دو نام ہیں۔ رہا سیدہ عائشہ رضی الله عنہا کا یہ کہنا کہ آپ صلى الله عليه وسلم نے ساری رات قیام نہیں فرمایا، اس کا مطلب ہے کہ آپ صلى الله عليه وسلم ہمیشہ ایسا نہیں کرتے تھے مگر کبھی کبھار ایسا کرلیا کرتے تھے یا سیدہ عائشہ رضی الله عنہا کی یہ بات عدم علم پر محمول ہے۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے