سوال:
کیا سالگرہ منانا جائز ہے؟
جواب:
شادی یا پیدائش وغیرہ کی سالگرہ منانا دین اسلام میں ثابت نہیں۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت بھی ہوئی اور شادیاں بھی، اسی طرح آپ کی بیٹیوں کی شادیاں بھی ہوئیں، لیکن یہ بات کہیں بھی ثابت نہیں کہ آپ نے اپنی یا اپنی اولاد کی سالگرہ منائی ہو، یا اپنے اصحاب کو سالگرہ منانے کا حکم دیا ہو، یا کسی صحابی نے سالگرہ منائی ہو اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر سکوت اختیار کر کے اسے برقرار رکھا ہو۔ لہٰذا یہ فعل اسلامی نہیں۔ اگر اسلام میں اس کی کوئی اہمیت ہوتی تو ضرور اس کا کہیں تذکرہ ہوتا، لیکن عیسائیوں وغیرہ کی دیکھا دیکھی مسلمانوں نے بھی اسے منانا شروع کر دیا ہے۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ہے:
”جس نے کوئی ایسا عمل کیا جس پر ہمارا امر نہیں تو وہ مردود ہے۔“
(مسلم، کتاب الأقضية، باب نقض الأحكام الباطلة الخ 1718)
لہٰذا سالگرہ منانا درست نہیں۔