سوال:
کیا سیدنا عیسیٰ علیہ السلام اور محمد کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان کوئی نبی مبعوث ہوا؟
جواب:
سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کی بعثت کے بعد سیدنا محمد کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت ہوئی، اس دوران کوئی نبی مبعوث نہیں ہوا۔
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
أنا أولى الناس بابن مريم، والأنبياء أولاد علات، ليس بيني وبينه نبي
میرا تعلق ابن مریم علیہ السلام کے ساتھ سب سے زیادہ ہے، انبیاء علات کے بھائی ہیں، میرے اور عیسیٰ علیہ السلام کے درمیان کوئی نبی نہیں۔
(صحیح البخاری: 3442، صحیح مسلم: 2365)
❀ صحیح مسلم کے الفاظ ہیں:
ليس بيني وبين عيسى نبي
میرے اور عیسیٰ علیہ السلام کے درمیان کوئی نبی نہیں۔
اس حدیث کا تعلق سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کی بعثت سے لے کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے درمیانی وقفے سے ہے، اس دوران کوئی نبی نہیں آیا۔ جس روایت میں سیدنا عیسیٰ علیہ السلام اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان نبی مبعوث ہونے کا ذکر ہے، وہ ضعیف ہے۔