کیا روزے رکھ کر بالوں میں منہدی لگانا جائز ہے ؟
سوال : کیا صیام و صلاۃ کے دوران بالوں میں منہدی لگانا جائز ہے ؟ میں نے سنا ہے کہ منہدی لگانا مفطر صوم ہے۔
جواب : اس قول کا صحت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس لئے کہ صیام کے دوران منہدی لگانا نہ تو صوم کو توڑتا ہے اور نہ صائم پر کسی طرح اثر انداز ہوتا ہے۔ جیسے سرمہ لگانا، کان اور آنکھ میں دوا ٹپکانا یہ سب چیزیں نہ تو صائم کے لئے مضر اور نقصان دہ ہیں اور نہ صوم کو توڑتی ہیں۔
رہا مسئلہ اثناء صلاۃ منہدی لگانے کا تو یہ سوال میری سمجھ میں نہیں آیا۔ کیوں کہ جو عورت صلاۃ ادا کر رہی ہو اس وقت وہ منہدی نہیں لگا سکتی۔ شاید کہ سوال کامقصد یہ ہو کہ عورت جب منہدی لگا لے تو کیا اس کا وضو صحیح ہو گا ؟
اس کا جو اب یہ ہے کہ منہدی صحت وضو سے مانع نہیں ہے۔ کیوں کہ منہدی جرم (جسم) والی چیز نہیں ہے جو پانی پہونچنے سے مانع ہو۔ یہ تو صرف رنگ ہے اور وضو میں موثر صرف جسم والی چیز ہوتی ہے جو پانی پہنچنے سے مانع ہو۔ وضو کے صحیح ہونے کے لئے ایسی چیز کا زائل کرنا ضروری ہے۔ ’’ شیخ ابن عثیمین۔ رحمۃ اللہ علیہ۔ “

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں: