سوال:
کیا بیوی کا روٹی کپڑا شوہر کے ذمہ ہے؟
جواب:
شوہر پر واجب ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق بیوی کے کھانے پینے اور پہننے کا بندوبست کرے۔
❀ فرمان باری تعالیٰ ہے:
وَعَلَى الْمَوْلُودِ لَهُ رِزْقُهُنَّ وَكِسْوَتُهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ ۚ لَا تُكَلَّفُ نَفْسٌ إِلَّا وُسْعَهَا
(سورة البقرة: 233)
شوہر کے ذمہ عرف کے مطابق بیویوں کا کھانا پینا اور کپڑے پہنانا ہے، کسی جان کو اس کی وسعت سے زیادہ تکلیف نہیں دی جائے گی۔
سیدنا جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لهن عليكم رزقهن وكسوتهن بالمعروف
اے شوہرو! تم پر عرف کے مطابق بیویوں کا کھانا پینا اور کپڑے پہنانا ہے۔
(صحيح مسلم: 1218)
❀ حافظ نووی رحمہ اللہ (676ھ) فرماتے ہیں:
فيه وجوب نفقة الزوجة وكسوتها وذلك ثابت بالإجماع
یہ حدیث دلیل ہے کہ (شوہر پر) بیوی کو نفقہ اور کپڑے دینا واجب ہیں، یہ بات بالا جماع ثابت ہے۔
(شرح مسلم: 184/8، تفسير الخازن: 160/1)