کیا بچے کی پیدائش کے وقت کان میں اذان واقامت کہنا ثابت ہے؟
صحیح سند کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے بچے کی پیدائش کے وقت کان میں نہ اذان کہنا ثابت ہے اور نہ ہی اقامت کہنا ثابت ہے۔ اس سلسلہ میں تین روایات پیش کی جاتی ہیں جو نا قابل حجت ہیں۔
پہلی روایت: ابو رافع سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حسن بن علی رضی اللہ عنہما کے کان میں اذان دی۔ [ترمذی۔ ابوداود وغیرہ] وہ ضعیف ہے اس میں عاصم بن عبید اللہ راوی ضعیف ہے۔
(التلخيص الحبير رقم 1985 – تقريب رقم 3065)
دوسری روایت: حسین بن علی رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:” جس کے ہاں بچہ پیدا ہو تو وہ اس کے دائیں کان میں اذان اور بائیں کان میں اقامت کہے تو اسے ام الصبیان (بیماری) کی تکلیف نہیں ہوگی۔“ یہ روایت موضوع (من گھڑت خود ساختہ) ہے۔ اس روایت میں دور اوی متکلم فیہ ہیں اور تیسرا مجہول ہے۔
➊ مروان بن سالم الغفاري
اس کے متعلق امام بخاری رحمہ اللہ اور امام مسلم رحمہ اللہ فرماتے ہیں: منكر الحديث امام ساجی فرماتے ہیں: كذاب يضع الحديث (یہ بہت جھوٹا ہے حدیثیں گھڑتا تھا)۔
امام دار قطنی فرماتے ہیں: متروك الحديث
امام نسائی فرماتے ہیں: متروك الحديث
ابن ابی حاتم فرماتے ہیں: منكر الحديث جدا، ضعيف الحديث، ليس له حديث قائم [تهذيب التهذيب ج 5 ص 385]
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں یہ راوی (مروان بن سالم الغفاری) متروک ہے۔
( تقریب رقم 6570)
➋ یحیی بن العلاء
امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ اس کے متعلق فرماتے ہیں: كذاب يضع الحديث (یہ بہت جھوٹا ہے، حدیثیں گھڑتا تھا)۔
امام نسائی اور دار قطنی فرماتے ہیں: متروك الحديث
(تهذيب التهذيب ج 6 ص 162)
حافظ ابن حجر فرماتے ہیں: رمي بالوضع (اس پر حدیثیں گھڑنے کی تہمت ہے۔)
(تقریب رقم 7618)
➌ طلحہ العقیلی ،یہ مجہول ہے۔
(تقريب التهذيب الرقم: 3029 )
تیسری روایت: ابن عباس رضی اللہ عنہما سے آتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حسین بن علی رضی اللہ عنہما کے دائیں کان میں اذان کہی اور بائیں میں اقامت۔
(رواه البيهقي في شعب الايمان )
یہ روایت بھی موضوع ہے اس روایت میں محمد بن یونس الکریمی ہے جس کے متعلق امام ابن عدی فرماتے ہیں: ”اس پر روایات گھڑنے کی تہمت ہے۔“ امام ابن حبان فرماتے ہیں: ”اس نے ہزار سے زائد روایات گھڑی ہیں۔“ اسی طرح موسیٰ بن ہارون اور قاسم المطر زنے بھی اس کی تکذیب کی ہے۔
(میزان 37816، تهذيب رقم 6678)