سوال:
کیا اللہ تعالیٰ کے کلام میں جھوٹ کا امکان ہو سکتا ہے؟
جواب:
اللہ کی پناہ! اللہ تعالیٰ کے کلام میں جھوٹ کا امکان ہرگز نہیں ہو سکتا۔ صدق صفت کمال ہے، باری تعالیٰ صفات کمال کے ساتھ متصف ہے۔ اور جھوٹ صفت نقص ہے اور اللہ تعالیٰ صفات ناقصہ سے منزہ ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ جھوٹ سے منزہ ہے اور صدق سے متصف ہے۔
❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿مَنْ أَصْدَقُ مِنَ اللهِ حَدِيثًا﴾
(النساء: 87)
’’اللہ تعالیٰ سے بڑھ کر بات میں سچا کون ہو سکتا ہے؟‘‘
❀ نیز فرمان باری تعالیٰ ہے:
﴿مَنْ أَصْدَقُ مِنَ اللهِ قِيلًا﴾
(النساء: 122)
’’اللہ تعالیٰ سے بڑھ کر قول میں سچا کون ہو سکتا ہے؟‘‘
بعض متکلمین نے باری تعالیٰ کے متعلق امکان کذب وغیرہ کے حوالے سے فضول بحوث کیں، جو سراسر اسلاف امت کے منہج سے انحراف کا نتیجہ ہے۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ شرعی عقائد اور اعمال میں جب بھی بات کریں، تو صحابہ، تابعین، اتباع تابعین اور ائمہ ہدیٰ کی پیروی میں بات کریں۔