ماخوذ: فتاوی امن پوری از شیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری
سوال:
کیا آمین اللہ تعالیٰ کا نام ہے؟
جواب:
اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ میں آمین نہیں۔ اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ توقیفی ہیں، کتاب وسنت سے دلیل ضروری ہے، کتاب وسنت میں آمین کو اللہ تعالیٰ کے ناموں میں شمار نہیں کیا گیا۔
❀ علامہ ابن قرقول رحمہ اللہ (569ھ) فرماتے ہیں:
هذا لا يصح؛ ليس فى أسماء الله تعالى اسم مبني ولا غير معرب، مع أن أسماءه لا تثبت إلا بقرآن أو سنة متواترة، وقد عدم الطريقان فى آمين .
یہ کہنا کہ آمین اللہ تعالیٰ کا نام ہے، یہ صحیح نہیں، کیونکہ اللہ تعالیٰ کے ناموں میں کوئی مبنی اسم نہیں ہے، نیز اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ صرف قرآن کریم اور سنت متواترہ سے ثابت ہوتے ہیں، ان دونوں میں اللہ تعالیٰ کے لیے آمین نام مذکور نہیں۔
(مطالع الأنوار: 291/1)