سوال :
ترمذی کی روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہو کر جوتا پہننے سے منع فرمایا، کیا یہ روایت صحیح ہے؟
جواب :
راقم کی تحقیق میں کھڑے ہو کر جوتا پہننے سے منع والی روایت صحیح نہیں ہے۔ آپ نے ترمذی شریف (1776، 1775) کی جس روایت کی طرف اشارہ کیا ہے، اس کی ایک سند تو ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے ہے، جس میں حارث بن یہان متروک راوی ہے (تقریب مع تحریر 240/1) جبکہ دوسری سند انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، اس میں قتادہ مدلس ہے۔ امام ترمذی رحمہ اللہ خود فرماتے ہیں:
كلا الحديثين لا يصح عند أهل الحديث
(ترمذی ح 1775)
”دونوں روایتیں محدثین کے ہاں صحیح نہیں۔“
سنن ابن ماجہ (3618) میں ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے یہ روایت ایک اور سند سے بھی مروی ہے، اس میں اعمش کی تدلیس ہے۔ اسی طرح ابن ماجہ (3619) میں عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی روایت میں سفیان کی تدلیس ہے اور ابو داؤد (4135) میں جابر رضی اللہ عنہ سے مروی روایت کی سند میں ابو الزبیر کی تدلیس ہے۔ اس کی کوئی سند بھی علت سے خالی نہیں، لہٰذا جوتے کھڑے ہو کر پہنیں یا بیٹھ کر، دونوں طرح صحیح ہے، جیسے سہولت ہو پہن لیں۔