سوال :
کیا کھانا کھانے کے بعد انگلیاں چاٹنا اور گرا ہوا لقمہ اٹھا کر کھا لینا چاہیے؟ بعض دفعہ طبیعت اس بات کو مانتی ہی نہیں، کیا شریعت میں ایسا عمل جائز ہے؟
جواب :
کھانا کھانے کے بعد اپنی انگلیوں کو چاٹ لینا اور گرے ہوئے لقمے کو اٹھا کر کھا لینا رسول مکرم صلى الله عليه وسلم کی سنت ہے۔ انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلى الله عليه وسلم جب کھانا تناول فرماتے تو اپنی انگلیوں کو تین دفعہ چاٹ لیتے اور آپ صلى الله عليه وسلم نے فرمایا:
”جب تم میں سے کسی کا لقمہ گر جائے تو وہ اس سے گندگی کو دور کرے اور کھا لے، اسے شیطان کے لیے نہ چھوڑے۔“
اور آپ صلى الله عليه وسلم نے اپنے برتن صاف کرنے کا حکم دیا اور فرمایا:
”تم نہیں جانتے تمہارے کس کھانے میں برکت ہے۔“
(صحیح مسلم، کتاب الأشربة، باب استحباب لعق الأصابع 2034، ترمذی 1803، ابو داود 3845)
اور عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلى الله عليه وسلم نے فرمایا:
”جب بھی تم میں سے کوئی شخص کھانا کھائے تو وہ اپنے ہاتھ صاف نہ کرے یہاں تک کہ انہیں چاٹ لے یا چٹوالے۔“
(صحیح مسلم، کتاب الأشربة، باب استحباب لعق الخ 2031/129)
ان احادیث سے معلوم ہوا کہ انگلیاں چاٹنا اور گرا ہوا لقمہ اٹھا کر کھانا بالکل جائز ہے۔ انگلیاں خود چاٹ لیں یا اپنے کسی بچے وغیرہ کو چٹوا لیں، اس میں کوئی قباحت نہیں، بلکہ بچوں کو ایک عادت ڈالنی چاہیے تاکہ وہ اسلامی آداب سے آراستہ ہوں۔ یہ بھی معلوم ہوا کہ کھانے کے اندر اللہ کی طرف سے برکت ہوتی ہے اور یہ معلوم نہیں کہ شاید اس لقمے کے اندر برکت ہو جو نیچے گرا ہے۔