یہ اقتباس شیخ مبشر احمد ربانی کی کتاب احکام و مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔
سوال :
اگر کھانے میں مکھی گر جائے تو کیا کیا جائے؟
جواب :
اگر کسی آدمی کے کھانے میں مکھی گر کر مر جائے یا ابھی زندہ ہی ہو تو وہ اسے ایک دفعہ ڈبو کر نکال دے اور کھانا کھا لے، اس کے کھانے میں کوئی قباحت نہیں۔ اس پر وہ حدیث دلالت کرتی ہے جس میں رسول اللہ صلى الله عليه وسلم نے فرمایا:
إذا وقع الذباب فى شراب أحدكم فليغمسه ثم لينزعه فإن فى إحدى جناحيه داء وفي الأخرى شفاء
(بخاری، کتاب بدء الخلق، باب إذا وقع الذباب في شراب أحدكم الخ 3320)
”جب کسی آدمی کے مشروب میں مکھی گر جائے تو وہ اسے ڈبو کر نکال دے، کیونکہ اس کے ایک پر میں بیماری ہے اور دوسرے میں شفا ہے۔“
لہٰذا کھانے یا پینے والی چیزوں میں مکھی یا اس کی مثل کوئی چیز گرے تو اسے نکال کر استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں۔