چاند اور سورج گرہن میں کیا حکمت ہے قران و حدیث کی روشنی میں
ماخوذ: فتاوی امن پوری از شیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری

سوال:

چاند اور سورج گرہن میں کیا حکمت ہے؟

جواب:

سورج اور چاند اللہ تعالیٰ کی دو بڑی نشانیاں ہیں، یہ بے نور ہو جائیں، تو انسان خوف زدہ ہو جاتا ہے، ایسے میں اسلام کی رہنمائی یہ ہے کہ بندہ اپنے رب کے سامنے عاجز بن کر کھڑا ہو جائے، اپنی کمزوری کا اعتراف کر لے، اس سے ڈھارس بندھ جائے گی، تقویٰ اور اللہیت کا الگ ہی نظارہ ہوگا اور سنت پر عمل ہو جائے گا۔
إن الشمس والقمر لا ينكسفان لموت أحد من الناس، ولكنهما آيتان من آيات الله، فإذا رأيتموهما، فقوموا، فصلوا
سورج اور چاند کسی کی موت کی وجہ سے گرہن نہیں ہوتے، یہ تو اللہ کی نشانیاں ہیں۔ جب انہیں گرہن دیکھیں تو نماز ادا کریں۔
(صحیح البخاری: 1041، صحیح مسلم: 901، سیدنا ابو مسعود رضی اللہ عنہ)
اہل علم نے گرہن میں مختلف حکمتیں بیان کی ہیں، جن کا خلاصہ ملاحظہ ہو:
جو لوگ سورج اور چاند کی عبادت کرتے ہیں، ان کے سامنے ان کے معبودوں کی کمزوری واضح کی جائے، کہ یہ خالق نہیں ہو سکتے، کیونکہ ان پر بھی اللہ تعالیٰ کا حکم چلتا ہے اور اللہ تعالیٰ جب چاہتا ہے، ان میں تصرف کر دیتا ہے۔
لَا تَسْجُدُوا لِلشَّمْسِ وَلَا لِلْقَمَرِ وَاسْجُدُوا لِلَّهِ الَّذِي خَلَقَهُنَّ إِنْ كُنْتُمْ إِيَّاهُ تَعْبُدُونَ
(سورة فصلت: 37)
سورج اور چاند کو سجدہ مت کرو، بلکہ اللہ تعالیٰ کو سجدہ کرو کہ جس نے انہیں (سورج، چاند وغیرہ) کو تخلیق کیا ہے، اگر تم خالص اسی کی عبادت کرتے ہو۔
سورج اور چاند جیسی بڑی مخلوق میں تبدیلی کے ذریعے غافل لوگوں کو بیدار کیا جائے، تا کہ وہ حقیقی مالک اور قدرت والے رب کی طرف رجوع کریں۔ اسی لیے گرہن لگتا، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے رب کی طرف لپکتے تھے، توبہ و انابت کرتے اور دوسروں کو بھی اس کا حکم فرماتے۔
إن الشمس والقمر آيتان من آيات الله، لا يخسفان لموت أحد ولا لحياته، فإذا رأيتم ذلك، فادعوا الله، وكبروا، وصلوا، وتصدقوا
چاند اور سورج اللہ کی نشانیاں ہیں۔ یہ کسی کی موت و حیات کی وجہ سے گرہن زدہ نہیں ہوتے۔ گرہن دیکھ کر اللہ کا ذکر کریں، اس کی بڑائی بیان کریں، نماز پڑھیں اور صدقہ کریں۔
(صحیح البخاری: 1044، صحیح مسلم: 901)
گرہن سے قیامت کا ایک نقشہ پیش کیا جائے کہ جب سورج اور چاند کو بے نور کر دیا جائے گا۔
وَخَسَفَ الْقَمَرُ وَجُمِعَ الشَّمْسُ وَالْقَمَرُ
(سورة القيامة: 8-9)
جب چاند کو گرہن لگ جائے گا، سورج اور چاند کو اکھٹا کر لیا جائے گا۔
اللہ تعالیٰ کی ہیبت اور قدرت کا اظہار ہو کہ وہ اتنی بڑی روشن مخلوق کو بے نور کرنے پر طاقت رکھتا ہے، تو چھوٹی سی مخلوق کو مارنے پر کیونکر قادر نہیں؟

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے