ولد الزنا لڑکی کے نکاح کے وقت اس کے باپ کی جگہ کس کا نام لیا جائے؟

ماخوذ: فتاوی امن پوری از شیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری

سوال:

ولد الزنا لڑکی کے نکاح کے وقت اس کے باپ کی جگہ کس کا نام لیا جائے؟

جواب:

جس کے بستر پر لڑکی پیدا ہوئی ہو، لڑکی کو اسی کی طرف منسوب کیا جائے گا، لہذا نکاح کے وقت لڑکی کی ماں کے شوہر کا نام لیا جائے گا۔
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں:
عتبہ بن ابی وقاص (کافر) نے اپنے بھائی سعد بن ابی وقاص رضی اللہ عنہ کو وصیت کی تھی کہ زمعہ کی لونڈی کا بچہ میرے نطفے سے ہے، آپ اس کو اپنی نگہداشت میں لے لینا۔ فتح مکہ کے سال سعد رضی اللہ عنہ نے وہ بچہ اٹھا لیا اور دعویٰ کیا کہ یہ بچہ میرے بھائی عتبہ کا ہے۔ عبد بن زمعہ نے احتجاج کیا کہ یہ بچہ تو میرے باپ زمعہ کی لونڈی سے میرے باپ کے بستر پر پیدا ہوا ہے، لہذا میرے باپ کی اولاد ہے۔ جھگڑا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے حضور پیش ہوا۔ سعد رضی اللہ عنہ کہنے لگے، اللہ کے رسول! یہ میرے بھائی کا بیٹا ہے، انہوں نے مجھے وصیت کی تھی کہ اسے اپنی پرورش میں لوں۔ عبد بن زمعہ کہنے لگے، یہ میرے باپ کی لونڈی کا بچہ ہے اور اس نے میرے باپ کے بستر پر جنم لیا ہے، لہذا یہ میرے باپ زمعہ ہی کا بیٹا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عبد بن زمعہ! یہ لڑکا آپ کے پاس رہے گا، پھر فرمایا: بچہ اس کا ہوگا، جس کے بستر پر پیدا ہوا اور زانی رجم ہوگا۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے محسوس کیا کہ اس لڑکے کی مشابہت عتبہ کے ساتھ ہے، اس لیے ام المومنین سیدہ سودہ بنت زمعہ رضی اللہ عنہا، جو زمعہ کی بیٹی تھیں اور اس لڑکے کی بہن بنتی تھیں، کو حکم دیا کہ اس لڑکے سے پردہ کریں، لہذا وہ لڑکا تاوقت وفات سیدہ سودہ بنت زمعہ کو دیکھ نہیں سکا۔
(صحیح البخاری: 2053، صحیح مسلم: 1457)
تشریح:
اس حدیث سے واضح ہوتا ہے کہ شرعی طور پر بچہ اسی شخص کی طرف منسوب ہوتا ہے جس کے بستر پر وہ پیدا ہوا، خواہ حیاتیاتی طور پر اس کی مشابہت کسی اور سے ہو۔ اس اصول کی روشنی میں، ولد الزنا لڑکی کے نکاح کے وقت اس کے باپ کی جگہ اس شخص کا نام لیا جائے گا جو اس کی ماں کا شوہر تھا، کیونکہ وہ اس کے بستر پر پیدا ہوئی۔ یہ نسب کے تحفظ اور شرعی احکام کی پاسداری کے لیے ہے۔

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

سوشل میڈیا پر یہ مضمون فیچرڈ امیج کے ساتھ شئیر کرنے کے لیے یہ تصویر محفوظ کریں ⬇️