نماز کے بعد سر پر ہاتھ رکھ کر دعا کی حقیقت
ماخوذ: فتاوی امن پوری از شیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری

سوال:

کیا فرض نماز کے بعد سر پر ہاتھ رکھ کر بسم اللہ الذی لا إلہ إلا ہو الرحمن الرحیم پڑھنا ثابت ہے؟

جواب:

سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے منسوب ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز سے سلام پھیرنے کے بعد اپنا دایاں ہاتھ اپنی پیشانی پر رکھ کر یہ دعا پڑھتے تھے:
بسم الله الذى لا إله إلا هو الرحمٰن الرحيم، أذهب عني الهم والحزن
”اس اللہ کے نام کے ساتھ جس کے سوا کوئی معبود نہیں، جو رحمن ورحیم ہے۔ اے اللہ! میرے سارے دکھ درد دور فرما دے۔“
(عمل اليوم والليلة لابن السني: 113، حلية الأولياء لأبي نعيم الأصفهاني: 301/2)
یہ جھوٹی سند ہے۔
① سلام طویل ”متروک “ہیں۔
(تقريب التهذيب لابن حجر: 2702)
② زیدعمی جمہور کے نزدیک ”ضعیف “ہیں۔
❀ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
ضعيف عند الجمهور
”یہ جمہور کے نزدیک ضعیف ہے۔“
(نتائج الأفكار: 253)
❀ اس کی ایک اور سند بھی ہے۔
(المعجم الأوسط للطبراني: 3178، الدعاء للطبراني: 658، الكامل لابن عدي: 2084-2085/6، تاريخ بغداد للخطيب: 480/12)
اس میں کثیر بن سلیم، ابو سلمہ مدینی سخت ”ضعیف “ہیں۔
❀ اس سے ملتی جلتی ایک روایت تاریخ اسلم واسطی (ص 161) میں یوں آتی ہے:
جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نماز سے سلام پھیرتے، تو اپنا دایاں ہاتھ اپنی پیشانی پر رکھ کر یوں دعا فرماتے تھے:
بسم الله الذى لا إله إلا هو، عالم الغيب والشهادة، الرحمٰن الرحيم، اللهم اذهب عني الهم والحزن
”اس اللہ کے نام کے ساتھ، جس کے سوا کوئی معبود نہیں، جو غیب و حاضر کو جاننے والا اور رحمن ورحیم ہے۔ اللہ! غم اور پریشانی کو مجھ سے دور فرما دے۔“
سند سخت ”ضعیف “ہے۔
① عنبہ بن عبدالواحد واسطی کے حالات زندگی نہیں مل سکے۔
② عمرو بن قیس تابعی ہیں اور وہ بلا واسطہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے بیان کر رہے ہیں، لہذا یہ روایت ”مرسل “ہونے کی وجہ سے بھی ”ضعیف “ہے۔
اس روایت جیسی ایک اور روایت امام ابو نعیم اصبہانی کی اخبار اصفہان (2/104) میں بھی آتی ہے۔ اس کی سند بھی موضوع (من گھڑت) ہے۔
① داود بن محمر ”متروک و کذاب“ ہیں۔
② عباس بن رزین اسلمی کا بھی کوئی اتا پتا نہیں۔
ثابت ہوا کہ اس حدیث کی تمام سندیں سخت ضعیف ہیں۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے