نماز کا مسنون طریقہ تکبیر تحریمہ سے سلام تک صحیح احادیث کی روشنی میں
یہ اقتباس شیخ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کی کتاب مختصر صحیح نماز نبویﷺ تکبیر تحریم سے سلام تک سے ماخوذ ہے۔

1 : رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے تو قبلہ (کعبہ) کی طرف رخ کرتے، رفع الیدین کرتے اور فرماتے: الله اكبر
ابن ماجہ: 803 وسندہ صحیح، وصحہ الترمذی: 304 وابن حبان، الاحسان: 628 وابن خزیمہ: 587۔ اس کے راوی عبد الحمید بن جعفر جمہور محدثین کے نزدیک ثقہ ہیں، دیکھیے نصب الرایہ (344/1)۔ ان پر جرح مردود ہے۔ محمد بن عمرو بن عطاء ثقہ ہیں (تقریب التہذیب: 6187)۔
محمد بن عمرو بن عطاء کا ابو حمید الساعدی رضی اللہ عنہ اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اجمعین کی مجلس میں شامل ہونا ثابت ہے، دیکھیے صحیح البخاری (828)۔ لہٰذا یہ روایت متصل ہے۔ البحر الزخار (168/2، 536) میں اس کا ایک شاہد بھی ہے جس کے بارے میں ابن الملقن نے کہا: ”صحيح على شرط مسلم.“ (المبدر المنیر 456/3)
اور فرماتے: ”جب تم نماز کے لیے کھڑے ہو تو تکبیر کہو۔“
البخاری: 757، مسلم: 397/45
2 : آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دونوں ہاتھ کندھوں تک اٹھاتے تھے۔
البخاری: 736، مسلم: 390
یہ بھی ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دونوں ہاتھ کانوں تک اٹھاتے تھے۔
مسلم: 391/25736
لہٰذا دونوں طرح جائز ہے لیکن زیادہ احادیث میں کندھوں تک رفع الیدین کرنے کا ثبوت ہے۔ یاد رہے کہ رفع الیدین کرتے وقت ہاتھوں سے کانوں کا پکڑنا یا چھونا کسی دلیل سے ثابت نہیں ہے۔ مردوں کا ہمیشہ کانوں تک اور عورتوں کا کندھوں تک رفع الیدین کرنا کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں ہے۔
3: آپ صلی اللہ علیہ وسلم انگلیاں پھیلا کر رفع الیدین کرتے تھے۔
ابو داود: 753 وسندہ صحیح، وصحہ ابن خزیمہ: 459 وابن حبان، الاحسان: 774 والحاکم: 234/1 ووافقہ الذہبی۔
4 : آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا دایاں ہاتھ اپنے بائیں ہاتھ پر، سینے پر رکھتے تھے۔
احمد فی مسندہ 226/5 ح 22313 وسندہ حسن، وعنہ ابن الجوزی فی التحقیق: 283/1 ح 477۔ دوسری نسخہ 338/1 ح434
لوگوں کو (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے) یہ حکم دیا جاتا تھا کہ نماز میں دایاں ہاتھ بائیں ذراع پر رکھیں۔
ذراع: کہنی کے سرے سے درمیانی انگلی کے سرے تک ہوتا ہے (القاموس الوحید ص 568)۔
البخاری: 740 و موطأ امام مالک: 159/1 ح 377
سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا دایاں ہاتھ اپنی بائیں ہتھیلی، کلائی اور ساعد پر رکھا۔
ابو داود: 727 وسندہ صحیح، النسائی: 890، وصحہ ابن خزیمہ: 480 وابن حبان: 1857
تنبیہ: مردوں کا ناف سے نیچے اور صرف عورتوں کا سینے پر ہاتھ باندھنا (یہ تخصیص) کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں ہے۔
ساعد: کہنی سے ہتھیلی تک کا حصہ ہے، دیکھیے القاموس الوحید (ص 769)۔
اگر ہاتھ پوری ذراع (ہتھیلی، کلائی اور ہتھیلی سے کہنی تک) پر رکھا جائے تو خود بخود ناف سے اوپر اور سینے پر آ جاتا ہے۔
5 : رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تکبیر تحریمہ اور قراءت کے درمیان درج ذیل دعا (سراً یعنی بغیر جہر کے) پڑھتے تھے:
اللَّهُمَّ بَاعِدْ بَيْنِي وَبَيْنَ خَطَايَايَ كَمَا بَاعَدْتَ بَيْنَ الْمَشْرِقِ وَالْمَغْرِبِ، اللَّهُمَّ نَقِّنِي مِنْ الْخَطَايَا كَمَا يُنَقَّى الثَّوْبُ الْأَبْيَضُ مِنْ الدَّنَسِ، اللَّهُمَّ اغْسِلْ خَطَايَايَ بِالْمَاءِ وَالثَّلْجِ وَالْبَرَدِ
البخاری: 744، مسلم :147/598
درج بالا دعا کا ترجمہ: اے اللہ! میرے اور میری خطاؤں کے درمیان ایسی دوری بنا دے جیسا کہ مشرق و مغرب کے درمیان دوری ہے، اے اللہ! مجھے خطاؤں سے اس طرح پاک صاف کر دے جیسا کہ سفید کپڑا میل سے پاک و صاف ہوتا ہے، اے اللہ! میری خطاؤں کو پانی، برف اور اولوں کے ساتھ دھو ڈال (معاف کر دے)۔
درج ذیل دعا بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے:
سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ وَبِحَمْدِكَ وَتَبَارَكَ اسْمُكَ وَتَعَالَى جَدُّكَ وَلَا إِلَٰهَ غَيْرُكَ
ابو داود: 775 وسندہ حسن، النسائی: 900، 901، ابن ماجہ: 804، الترمذی: 242، وأعل بمالا يقدح وصحہ الحاکم: 235/1 ووافقہ الذہبی۔
ترجمہ: اے اللہ! تو پاک ہے، اور تیری تعریف کے ساتھ، تیرا نام برکتوں والا ہے اور تیری شان بلند ہے، تیرے سوا دوسرا کوئی معبود برحق نہیں ہے۔
ثابت شدہ دعاؤں میں سے جو دعا بھی پڑھ لی جائے بہتر ہے۔
6 : اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی درج ذیل دعا پڑھتے تھے:
أعوذ بالله السميع العليم من الشيطان الرجيم من همزه ونفخه ونفثه
ابو داود: 775 وسندہ حسن
7 : آپ صلی اللہ علیہ وسلم بسم الله الرحمن الرحيم پڑھتے تھے۔
النسائی: 906، وسندہ صحیح، وصحہ ابن خزیمہ: 499 وابن حبان، الاحسان: 1794، والحاکم على شرط الشیخین: 232/1 ووافقہ الذہبی۔
تنبیہ: اس روایت کے راوی سعید بن ابی ہلال نے یہ حدیث اختلاط سے پہلے بیان کی ہے، خالد بن یزید کی سعید بن ابی ہلال سے روایت صحیح بخاری (132) صحیح مسلم (1977/42) میں موجود ہے۔
بسم الله الرحمن الرحيم جہراً پڑھنا بھی صحیح ہے اور سراً بھی صحیح ہے، کثرت دلائل کی رو سے عام طور پر سراً پڑھنا بہتر ہے۔
جہراً کے جواز کے لیے دیکھیے النسائی: 906، وسندہ صحیح۔ سراً کے جواز کے لیے دیکھیے صحیح ابن خزیمہ: 495 وسندہ حسن، صحیح ابن حبان، الاحسان: 796 وسندہ صحیح۔
اس مسئلے میں سختی کرنا بہتر نہیں ہے۔
8: پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سورہ فاتحہ پڑھتے تھے:
النسائی: 906، وسندہ صحیح، دیکھیے حاشیہ سابقہ 3۔
سورہ فاتحہ کا ترجمہ: سب تعریفیں اللہ رب العالمین کے لیے ہیں، جو رحمن و رحیم ہے، یوم جزا کا مالک ہے۔ (اے اللہ) ہم تیری ہی عبادت کرتے ہیں اور تجھ ہی سے مدد مانگتے ہیں۔ ہمیں سیدھا راستہ دکھا۔ ان لوگوں کا راستہ جن پر تو نے انعام کیا۔ نہ کہ ان لوگوں کا راستہ جن پر غضب کیا گیا اور جو گمراہ ہیں۔
بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ ‎﴿١﴾‏ الْحَمْدُ لِلَّهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ ‎﴿٢﴾‏ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ ‎﴿٣﴾‏ مَالِكِ يَوْمِ الدِّينِ ‎﴿٤﴾‏ إِيَّاكَ نَعْبُدُ وَإِيَّاكَ نَسْتَعِينُ ‎﴿٥﴾‏ اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ ‎﴿٦﴾‏ صِرَاطَ الَّذِينَ أَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ غَيْرِ الْمَغْضُوبِ عَلَيْهِمْ وَلَا الضَّالِّينَ ‎﴿٧﴾‏
(1-الفاتحة)
سورہ فاتحہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ٹھہر ٹھہر کر پڑھتے اور ہر آیت پر وقف کرتے تھے۔
ابو داود: 4001، الترمذی: 2927 وقال: "غریب”، صحہ الحاکم علی شرط الشیخین (232/2) ووافقہ الذہبی وسندہ ضعیف وله شاہد قوی فی مسند احمد: 288/6 ح 27003 وسندہ حسن والحدیث بہ حسن۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”لا صلوة لمن لم يقرأ بفاتحة الكتاب.“
جو شخص سورہ فاتحہ نہ پڑھے اس کی نماز نہیں ہوتی (صحیح البخاری: 756)۔
اور فرماتے: ”كل صلوة لا يقرأ فيها بفاتحة الكتاب فهي خداج فهي خداج.“ ہر نماز جس میں سورہ فاتحہ نہ پڑھی جائے وہ ناقص ہے، ناقص ہے (ابن ماجہ: 81 وسندہ حسن)۔
9 : پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم آمین کہتے تھے۔
النسائی: 906، وسندہ صحیح، نیز دیکھیے فقرہ کے حاشیہ : 3
سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھی، آپ نے اپنا دایاں ہاتھ بائیں ہاتھ پر رکھا، پھر جب آپ نے ولا الضالين (جہراً) کہی تو آمين (جہراً) کہی۔
ابن حبان الاحسان: 1802، وسندہ صحیح۔
ایک روایت میں آیا ہے کہ فجهر بآمين ، پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آمین بالجہر کہی۔
ابو داود: 933 وسندہ حسن۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ جہری نماز میں (امام اور مقتدیوں کو) آمین جہراً کہنی چاہیے۔
سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہ سے دوسری روایت میں آیا ہے: ”وخفض بها صوته.“ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس (آمین) کے ساتھ اپنی آواز پست رکھی۔
احمد: 316/4 ح 19048، ورجالہ ثقات وھو معلول وأعلہ البخاری وغیرہ۔
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ سری نماز میں آمین سراً کہنی چاہیے۔ سری نمازوں میں آمین سراً کہنے پر مسلمانوں کا اجماع ہے۔ والحمد للہ۔
10: پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم سورت سے پہلے بسم الله الرحمن الرحيم پڑھتے تھے۔
مسلم: 400/53 قال رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم: ”أنزلت على آنفا سورة، فقرأ بسم الله الرحمن الرحيم إنا أعطيناك الكوثر فصل لربك وانحر إن شانئك هو الأبتر.“
سیدنا معاویہ بن ابی سفیان رضی اللہ عنہما نے ایک دفعہ نماز میں سورہ فاتحہ کے بعد سورت سے پہلے بسم الله الرحمن الرحيم نہ پڑھی تو مہاجرین و انصار سخت ناراض ہوئے تھے۔ اس کے بعد معاویہ رضی اللہ عنہما سورت سے پہلے بھی بسم الله الرحمن الرحيم پڑھتے تھے۔ رواہ الشافعی (الام: 108/1)وصحہ الحاکم علی شرط مسلم (233/2) ووافقہ الذہبی۔ اس کی سند حسن ہے۔
11: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پھر سورہ فاتحہ پڑھو اور جو اللہ چاہے پڑھو۔“
ابو داود: 859، وسندہ حسن
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پہلی دو رکعتوں میں سورہ فاتحہ اور کوئی ایک سورت پڑھتے تھے۔
البخاری: 762 و مسلم: 451
اور آخری دو رکعتوں میں (صرف) سورہ فاتحہ پڑھتے تھے۔
البخاری: 776، مسلم: 155/451
آپ صلی اللہ علیہ وسلم قراءت کے بعد رکوع سے پہلے سکتہ کرتے تھے۔
ابو داود: 777، 778، ابن ماجہ: 845 وھو حدیث صحیح۔ حسن بصری مدلس ہیں (طبقات المدلسین تحقیقی: 2/40) لیکن ان کی سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے حدیث صحیح ہوتی ہے اگرچہ تصریح سماع نہ بھی ہو کیونکہ وہ سمرہ رضی اللہ عنہ کی کتاب سے روایت کرتے تھے، نیز دیکھیے نیل المقصود فی التعلیق علی سنن ابی داود: 354۔
12: پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم رکوع کے لیے تکبیر ( الله اكبر ) کہتے۔
البخاری: 789، مسلم: 392/28
13: آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دونوں ہاتھ کندھوں تک اٹھاتے تھے۔
البخاری: 738، مسلم: 390/22
آپ (عند الركوع وبعده) رفع الیدین کرتے پھر (اس کے بعد) تکبیر کہتے۔
مسلم: 390/22
اگر پہلے تکبیر اور بعد میں رفع الیدین کر لیا جائے تو یہ بھی جائز ہے۔ ابو حمید الساعدی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تکبیر کہتے تو رفع الیدین کرتے۔
ابو داود: 730 وسندہ صحیح، نیز دیکھیے فقرہ: حاشیہ1
14:آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب رکوع کرتے تو اپنے ہاتھوں سے اپنے گھٹنے مضبوطی سے پکڑتے پھر اپنی کمر جھکاتے (اور برابر کرتے)۔
البخاری: 828،
آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سر نہ تو (پیٹھ سے) اونچا ہوتا اور نہ نیچا (بلکہ برابر ہوتا تھا)۔
مسلم: 498/240
آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی دونوں ہتھیلیاں اپنے گھٹنوں پر رکھتے تھے، پھر اعتدال (سے رکوع) کرتے۔ نہ تو سر (بہت) جھکاتے اور نہ اسے (بہت) بلند کرتے
ابو داود: 730 وسندہ صحیح
یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سر مبارک آپ کی پیٹھ کی سیدھ میں بالکل برابر ہوتا تھا۔
15: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکوع کیا تو اپنے دونوں ہاتھ اپنے گھٹنوں پر رکھے گویا کہ آپ نے انہیں پکڑ رکھا ہے اور دونوں ہاتھ کمان کی ڈوری کی طرح تان کر اپنے پہلوؤں سے دور رکھے۔
ابو داود: 734، وسندہ حسن، وقال الترمذی (260): حدیث حسن صحیح، وصحہ ابن خزیمہ: 689 وابن حبان، الاحسان: 1868
تنبیہ: فلیح بن سلیمان صحیحین کے راوی ہیں اور حسن الحدیث ہیں، جمہور محدثین نے ان کی توثیق کی ہے، لہٰذا یہ روایت حسن لذاتہ ہے۔ اصلی مذکور پر جرح مردود ہے۔ والحمد للہ۔
16: آپ صلی اللہ علیہ وسلم رکوع میں سبحان ربي العظيم کہتے رہتے تھے۔
مسلم: 772، ولفظہ: "ثم ركع فجعل يقول: سبحان ربي العظيم، فكان ركوعه نحوا من قيامه”
آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کا حکم دیتے تھے کہ یہ دعا رکوع میں پڑھیں۔
ابو داود: 869 وسندہ صحیح، ابن ماجہ: 887 وصحہ ابن خزیمہ: 601، 670 وابن حبان، الاحسان: 1895 والحاکم: 4772، 225/1 واختلف قول الذهبي فيه. میمون بن مهران (تابعی) اور زہری (تابعی) فرماتے ہیں کہ رکوع و سجود میں تین تسبیحات سے کم نہیں پڑھنی چاہئیں (ابن ابی شیبہ فی المصنف: 250/1 ح 2571 وسندہ حسن)۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے رکوع میں یہ دعائیں بھی ثابت ہیں:
سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ رَبَّنَا وَبِحَمْدِكَ، اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي
البخاری: 817، 794، مسلم: 4840
یہ دعا آپ صلی اللہ علیہ وسلم کثرت سے پڑھتے تھے۔
سُبُّوحٌ قُدُّوسٌ، رَبُّ الْمَلَائِكَةِ وَالرُّوحِ
مسلم: 748
سُبْحَانَكَ وَبِحَمْدِكَ، لَا إِلَٰهَ إِلَّا أَنْتَ
مسلم: 485
اللَّهُمَّ لَكَ رَكَعْتُ وَبِكَ آمَنْتُ وَلَكَ أَسْلَمْتُ، خَشَعَ لَكَ سَمْعِي وَبَصَرِي وَمُخِّي وَعَظْمِي وَعَصَبِي
مسلم: 771
ان دعاؤں میں سے کوئی دعا بھی پڑھی جا سکتی ہے۔ ان دعاؤں کا ایک ہی رکوع یا سجدے میں جمع کرنا اور اکٹھا پڑھنا کسی صریح دلیل سے ثابت نہیں ہے۔ تاہم حالت تشہد ثم ليتخير من الدعاء اعجبه اليه فيدعو (البخاری: 835، واللفظ لہ مسلم: 402) کی عام دلیل سے ان دعاؤں کا جمع کرنا بھی جائز ہے۔ واللہ اعلم۔
17: ایک شخص نماز صحیح نہیں پڑھتا تھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے نماز کا طریقہ سکھانے کے لیے فرمایا: ”جب تم نماز کے لیے کھڑے ہو تو پورا وضو کر، پھر قبلہ کی طرف رخ کر کے تکبیر ( الله اكبر ) کہ، پھر قرآن سے جو میسر ہو (سورہ فاتحہ) پڑھ، پھر اطمینان سے رکوع کر، پھر اٹھ کر (اطمینان سے) برابر کھڑا ہو جا، پھر اطمینان سے سجدہ کر، پھر اطمینان سے اٹھ کر بیٹھ جا، پھر اطمینان سے (دوسرا) سجدہ کر، پھر (دوسرے سجدے سے) اطمینان سے اٹھ کر بیٹھ جا، پھر اپنی ساری نماز (کی ساری رکعتوں) میں اسی طرح کر۔“
البخاری: 6251، نیز دیکھیے فقرہ: 25
18: جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم رکوع سے سر اٹھاتے تو رفع الیدین کرتے اور سَمِعَ اللَّهُ لِمَنْ حَمِدَهُ، رَبَّنَا وَلَكَ الْحَمْدُ کہتے تھے۔
البخاری: 735، راجح یہی ہے کہ امام، مقتدی اور منفرد سب سمع الله لمن حمده ربنا ولك الحمد پڑھیں۔ محمد بن سیرین اس کے قائل تھے کہ مقتدی بھی سمع الله لمن حمده کہے۔ دیکھیے مصنف ابن ابی شیبہ (253/1 ح 2600 وسندہ صحیح)۔
رَبَّنَا لَكَ الْحَمْدُ کہنا بھی صحیح اور ثابت ہے۔
البخاری: 789، بعض اوقات ربنا ولك الحمد جہراً کہنا بھی جائز ہے۔ عبد الرحمن بن ہرمز الاعرج سے روایت ہے کہ "سمعت أبا هريره يرفع صوته باللهم ربنا ولك الحمد” یعنی میں نے ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کو اونچی آواز کے ساتھ اللهم ربنا ولك الحمد پڑھتے ہوئے سنا ہے (مصنف ابن ابی شیبہ: 1/248-2556 وسندہ صحیح)۔
رکوع کے بعد درج ذیل دعائیں بھی ثابت ہیں:
اللَّهُمَّ رَبَّنَا لَكَ الْحَمْدُ
البخاری: 796
اللَّهُمَّ رَبَّنَا لَكَ الْحَمْدُ مِلْءَ السَّمَاوَاتِ وَمِلْءَ الْأَرْضِ وَمِلْءَ مَا شِئْتَ مِنْ شَيْءٍ بَعْدُ،
مسلم: 476
أَهْلَ الثَّنَاءِ وَالْمَجْدِ لَا مَانِعَ لِمَا أَعْطَيْتَ وَلَا مُعْطِيَ لِمَا مَنَعْتَ، وَلَا يَنْفَعُ ذَا الْجَدِّ مِنْكَ الْجَدُّ،
مسلم: 478/206
رَبَّنَا وَلَكَ الْحَمْدُ، حَمْدًا كَثِيرًا طَيِّبًا مُبَارَكًا فِيهِ
البخاری: 799
19: رکوع کے بعد قیام میں ہاتھ باندھنے چاہئیں یا نہیں، اس مسئلے میں صراحت سے کچھ بھی ثابت نہیں ہے لہٰذا دونوں طرح عمل جائز ہے مگر بہتر یہی ہے کہ قیام میں ہاتھ نہ باندھے جائیں۔
امام احمد بن حنبل سے پوچھا گیا کہ رکوع کے بعد ہاتھ باندھنے چاہئیں یا چھوڑ دینے چاہئیں تو انہوں نے فرمایا: "أرجو أن لا يضيق ذلك إن شاء الله” مجھے امید ہے کہ ان شاء اللہ اس میں کوئی تنگی نہیں ہے (مسائل احمد: روایت صالح بن احمد بن حنبل: 615)۔
20: پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم تکبیر ( الله اكبر ) کہہ کر (یا کہتے ہوئے) سجدے کے لیے جھکتے تھے۔
البخاری: 803، مسلم: 392/28
21: آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”إذا سجد احدكم فلا يبرك كما يبرك البعير وليضع يديه قبل ركبتيه.“ جب تم میں سے کوئی سجدہ کرے تو اونٹ کی طرح نہ بیٹھے (بلکہ) اپنے دونوں ہاتھ اپنے گھٹنوں سے پہلے (زمین پر) رکھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا عمل بھی اسی کے مطابق تھا۔
ابو داود: 840 وسندہ صحیح علی شرط مسلم، النسائی: 1092، وسندہ حسن
سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما اپنے گھٹنوں سے پہلے اپنے دونوں ہاتھ (زمین پر) رکھتے تھے (البخاری قبل حدیث: 803) اور فرماتے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایسا ہی کرتے تھے (صحیح ابن خزیمہ: 627 وسندہ حسن وصحہ الحاکم علی شرط مسلم: 226/1 ووافقہ الذہبی)۔
جس روایت میں آیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سجدہ میں جاتے وقت پہلے گھٹنے اور پھر ہاتھ رکھتے تھے (ابو داود: 838 وغیرہ) شریک بن عبد اللہ القاضی کی تدلیس کی وجہ سے ضعیف ہے۔ اس کے تمام شواہد بھی ضعیف ہیں۔
ابو قالبا (تابعی) سجدہ کرتے وقت پہلے گھٹنے لگاتے تھے اور حسن بصری (تابعی) پہلے ہاتھ لگاتے تھے (ابن ابی شیبہ: 263 ح 2708 وسندہ صحیح)۔ محمد بن سیرین (تابعی) بھی پہلے گھٹنے لگاتے تھے (ابن ابی شیبہ: 263/1 ح 2709 وسندہ صحیح)۔ دلائل کی رو سے راجح اور بہتر یہی ہے کہ پہلے ہاتھ اور پھر گھٹنے لگائے جائیں۔
22: آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے میں ناک اور پیشانی زمین پر (خوب) جما کر رکھتے، اپنے بازوؤں کو اپنے پہلو (بغلوں) سے دور کرتے اور دونوں ہتھیلیاں کندھوں کے برابر (زمین) پر رکھتے۔
ابو داود: 734، وسندہ حسن، نیز دیکھیے فقرہ: 15 حاشیہ: 5
سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ”آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب سجدہ کیا تو اپنی دونوں ہتھیلیوں کو اپنے کانوں کے برابر رکھا۔“
ابو داود: 726 وسندہ صحیح، النسائی: 890 وصحہ ابن خزیمہ: 641 وابن حبان، الاحسان: 1857، نیز دیکھیے فقرہ: 4 حاشیہ: 4
23: سجدے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دونوں بازوؤں کو اپنی بغلوں سے ہٹا کر رکھتے تھے۔
ابو داود: 730 وسندہ صحیح، دیکھیے فقرہ: 14 حاشیہ: 4
آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے میں اپنے ہاتھ (زمین پر) رکھتے، نہ تو انہیں بچھاتے اور نہ (بہت) سمیٹتے، اپنے پاؤں کی انگلیوں کو قبلہ رخ رکھتے۔
البخاری: 828
آپ کی بغلوں کی سفیدی نظر آ جاتی تھی۔
البخاری: 390، مسلم: 495
آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ سجدے میں اعتدال کرو، کتے کی طرح بازو نہ بچھاؤ۔
البخاری: 822، مسلم: 493، اس حکم میں مرد اور عورتیں سب شامل ہیں۔ عورتوں کو بھی چاہیے کہ سجدے میں اپنے بازو نہ پھیلائیں۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ”مجھے سات ہڈیوں پر سجدہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے، پیشانی، ناک، دونوں ہاتھ، دونوں گھٹنے اور دونوں قدموں کے پنجے۔“
البخاری: 812، مسلم: 490
آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ ”جب بندہ سجدہ کرتا ہے تو سات اطراف (اعضاء) اس کے ساتھ سجدہ کرتے ہیں، چہرہ، ہتھیلیاں، دو گھٹنے اور دو پاؤں۔“
مسلم: 491
معلوم ہوا کہ سجدے میں ناک، پیشانی، دونوں ہتھیلیوں، دونوں گھٹنوں اور دونوں پاؤں کا زمین پر لگانا ضروری (فرض) ہے۔
ایک روایت میں ہے: ”لا صلوة لمن لم يضع انفه على الارض.“ جو شخص (نماز میں) اپنی ناک زمین پر نہ رکھے اس کی نماز نہیں ہوتی۔
الدار قطنی فی سننہ: 1/348 ح 1303 مرفوعاً وسندہ حسن
24: آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب سجدہ کرتے تو اگر بکری کا بچہ آپ کے بازوؤں کے درمیان سے گزرنا چاہتا تو گزر سکتا تھا۔
مسلم: 496، یعنی آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے سینے اور پیٹ کو زمین سے بلند رکھتے تھے۔ عورتوں کے لیے بھی یہی حکم ہے: صلوا كما رأيتموني أصلي نماز اس طرح پڑھو جس طرح مجھے پڑھتے ہوئے دیکھتے ہو
25: سجدے میں بندہ اپنے رب کے انتہائی قریب ہوتا ہے لہٰذا سجدے میں خوب دعا کرنی چاہیے۔
(مسلم: 482)۔
سجدے میں درج ذیل دعائیں پڑھنا ثابت ہے:
سُبْحَانَ رَبِّيَ الْأَعْلَى
(مسلم: 776)۔
سُبْحَانَكَ اللَّهُمَّ رَبَّنَا وَبِحَمْدِكَ، اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي
البخاری: 817، 794
سُبُّوحٌ قُدُّوسٌ، رَبُّ الْمَلَائِكَةِ وَالرُّوحِ
مسلم: 487
سُبْحَانَكَ وَبِحَمْدِكَ، لَا إِلَٰهَ إِلَّا أَنْتَ
مسلم: 4840
اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي ذَنْبِي كُلَّهُ، دِقَّهُ وَجِلَّهُ، وَأَوَّلَهُ وَآخِرَهُ، وَعَلَانِيَتَهُ وَسِرَّهُ
مسلم: 485
اللَّهُمَّ لَكَ سَجَدْتُ وَبِكَ آمَنْتُ وَلَكَ أَسْلَمْتُ، سَجَدَ وَجْهِي لِلَّذِي خَلَقَهُ وَصَوَّرَهُ، وَشَقَّ سَمْعَهُ وَبَصَرَهُ، تَبَارَكَ اللَّهُ أَحْسَنُ الْخَالِقِينَ
مسلم: 771 جو دعا با سند صحیح ثابت ہو جائے سجدے میں اس کا پڑھنا افضل ہے۔ رکوع اور سجدے میں قرآن پڑھنا منع ہے، دیکھیے صحیح مسلم: 480، 479۔
26: آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے کو جاتے وقت رفع الیدین نہیں کرتے تھے۔
البخاری: 738
27: آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے کی حالت میں اپنے دونوں پاؤں کی ایڑیاں ملا دیتے تھے اور ان کا رخ قبلے کی طرف ہوتا تھا۔ سجدے میں آپ اپنے دونوں قدم کھڑے رکھتے تھے۔
البیہقی 16/20 وسندہ صحیح وصحہ ابن خزیمہ: 654 وابن حبان، الاحسان: 1930، والحاکم (228/1-229) علی شرط الشیخین ووافقہ الذہبی
28: آپ صلی اللہ علیہ وسلم تکبیر ( الله اكبر ) کہہ کر سجدے سے اٹھتے۔
مسلم: 648، مع شرح النووی
آپ صلی اللہ علیہ وسلم الله اكبر کہہ کر سجدے سے سر اٹھاتے اور اپنا بایاں پاؤں بچھا کر اس پر بیٹھ جاتے۔
البخاری: 789، مسلم: 392
آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے سے سر اٹھاتے وقت رفع الیدین نہیں کرتے تھے (البخاری: 738، مسلم: 390/22)۔
سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں: نماز میں (نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت یہ ہے کہ دایاں پاؤں کھڑا کر کے بایاں پاؤں بچھا دیا جائے)۔
ابو داود: 730 وسندہ صحیح
29: آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے سے اٹھ کر جلسے میں تھوڑی دیر بیٹھے رہتے،
البخاری: 827
حتیٰ کہ بعض کہنے والا کہہ دیتا: ”آپ بھول گئے ہیں۔“
البخاری: 821، مسلم: 472
30: آپ صلی اللہ علیہ وسلم جلسے میں یہ دعا پڑھتے تھے: رَبِّ اغْفِرْ لِي، رَبِّ اغْفِرْ لِي
ابو داود: 874 وھو حدیث صحیح، النسائی: 1146، 1070، اس روایت میں رجل من بنی عبس سے مراد: صلہ بن زفر ہے، دیکھیے مسند الطیالسی (416)۔ ابو حمزہ مولی الانصار سے مراد: طلحہ بن یزید ہے، دیکھیے تحفة الاشراف (3395258/3) وتقریب التہذیب (تحت رقم: 8063)۔
جلسہ میں تشہد کی طرح اشارہ، جس روایت میں آیا ہے (مسند احمد: 317/4 ح 19063) اس کی سند سفیان (الثوری) کی تدلیس (عنعنہ) کی وجہ سے ضعیف ہے۔
حافظ ابن حبان رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”وأما المدلسون الذين هم ثقات وعدول فإنا لا نحتج بأخبارهم إلا ما بينوا السماع فيما رووا مثل الثوري والأعمش وأبي إسحاق وأضرابهم من الأئمة المتقنين
مدلسین جو ثقہ و عادل ہیں ہم ان کی صرف انہی روایات سے حجت پکڑتے ہیں جن میں انہوں نے سماع کی تصریح کی ہے مثلاً (سفیان ثوری، اعمش، ابو اسحاق اور ان جیسے دوسرے صاحب تقوی (صاحب اتقان) ائمہ (صحیح ابن حبان، الاحسان مع تحقیق شعیب لا رناء دوران 1ص (12)۔
سفیان الثوری کو حاکم نیشاپوری نے (مدلسین کی) تیسری قسم (طبقہ ثالثہ) میں ذکر کیا ہے (دیکھیے معرفة علوم الحدیث ص 106)۔
31: پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم تکبیر ( الله اكبر ) کہہ کر (دوسرا) سجدہ کرتے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم سجدے میں جاتے وقت رفع الیدین نہیں کرتے تھے۔
البخاری: 738
آپ صلی اللہ علیہ وسلم دونوں سجدوں کے درمیان رفع الیدین نہیں کرتے تھے۔
مسلم: 390/21
سجدہ کرتے وقت، سجدے سے سر اٹھاتے وقت اور سجدوں کے درمیان رفع الیدین کرنا ثابت نہیں ہے۔
مسلم: 772
سجدے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سبحان ربي الاعلى پڑھتے تھے۔
البخاری: 789، مسلم: 392/28
دیگر دعاؤں کے لیے دیکھیے فقرہ: 25۔
32: پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم تکبیر ( الله اكبر ) کہہ کر (دوسرے) سجدے سے سر اٹھاتے۔
سجدے سے اٹھتے وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم رفع الیدین نہیں کرتے تھے۔
البخاری: 738، مسلم: 390/22
32 : آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب طاق (پہلی یا تیسری) رکعت میں دوسرے سجدے سے سر اٹھاتے تو بیٹھ جاتے تھے۔
البخاری: 823
دوسرے سجدے سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب اٹھتے تو بایاں پاؤں بچھا کر اس پر بیٹھ جاتے حتیٰ کہ ہر ہڈی اپنی جگہ پر آ جاتی۔
ابو داود: 730 وسندہ صحیح
آپ صلی اللہ علیہ وسلم دوسرے سجدے کے بعد بیٹھنے کا حکم دیتے تھے (صحیح البخاری: 6251)۔
نیز دیکھیے فقرہ 17، اس سنت صحیحہ کے خلاف کچھ بھی ثابت نہیں ہے۔
34: ایک رکعت مکمل ہو گئی، اب اگر آپ ایک وتر پڑھ رہے ہیں تو پھر تشہد، درود اور دعائیں (جن کا ذکر آگے آ رہا ہے) پڑھ کر سلام پھیر لیں۔
دیکھیے تشہد – فقرہ: 41، درود – فقرہ: 42، دعائیں – فقرہ: 50، 49، سلام – فقرہ: 51، 50
ایک رکعت پر اگر سلام پھیرا جائے تو تورک کرنا بھی جائز ہے اور نہ کرنا بھی، مگر بہتر یہی ہے کہ تورک کیا جائے۔
ایک روایت میں ہے کہ "حتى إذا كانت السجدة التى فيها التسليم أخر رجله اليسرى وقعد متوركا على شقه الأيسر” (ابو داود: 730 وسندہ صحیح)۔
مکحول تابعی رحمہ اللہ دو سجدوں کے درمیان اللهم اغفر لي وارحمني واجبرني فارزقني پڑھتے تھے (مصنف ابن ابی شیبہ 533/2 ج 8838 وسندہ صحیح)۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک آدمی کو نماز میں اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي وَارْحَمْنِي وَاهْدِنِي وَعَافِنِي وَارْزُقْنِي کی دعا سکھائی (صحیح مسلم 2997/35، دار السلام: 6850)۔
35: پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم زمین پر (دونوں ہاتھ رکھ کر) اعتماد کرتے ہوئے (دوسری رکعت کے لیے) اٹھ کھڑے ہوتے۔
البخاری: 824 وابن خزیمہ فی صحیحہ: 687، ازرق بن قیس (ثقہ، التقریب: 302) سے روایت ہے کہ میں نے (عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما) کو دیکھا آپ نماز میں اپنے دونوں ہاتھوں پر اعتماد کر کے کھڑے ہوئے (مصنف ابن ابی شیبہ: 395/1 ح 6399 وسندہ صحیح)۔
36: آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب دوسری رکعت کے لیے کھڑے ہوتے تو الحمد للہ رب العالمین سے قراءت شروع کرتے وقت سکتہ نہ کرتے تھے۔
مسلم: 599، ابن خزیمہ: 1603، ابن حبان: 1933
سورہ فاتحہ سے پہلے بسم الله الرحمن الرحيم پڑھنے کا ذکر گزر چکا ہے۔
دیکھیے فقرہ: 7 و حاشیہ
فَإِذَا قَرَأْتَ الْقُرْآنَ فَاسْتَعِذْ بِاللَّهِ مِنَ الشَّيْطَانِ الرَّجِيمِ ‎﴿٩٨﴾‏
(16-النحل:98)
کی رو سے بسم الله سے پہلے اعوذ بالله من الشيطان الرحيم پڑھنا بھی جائز بلکہ بہتر ہے۔
رکعت اولیٰ میں جو تفاصیل گزر چکی ہیں
فقرہ: 17 سے لے کر فقرہ: 33 تک
حدیث: ”پھر ساری نماز میں اسی طرح کر“
البخاری: 6251، نیز دیکھیے فقرہ: 17
کی رو سے دوسری رکعت بھی اسی طرح پڑھنی چاہیے۔
37: دوسری رکعت میں دوسرے سجدے کے بعد (تشہد کے لیے) بیٹھ جانے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا دایاں ہاتھ دائیں گھٹنے پر اور بایاں ہاتھ بائیں گھٹنے پر رکھتے تھے۔
مسلم: 579/112
آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دائیں ہاتھ کی انگلیوں سے ترسیم کا عدد (حلقہ) بناتے اور شہادت کی انگلی سے اشارہ کرتے تھے
مسلم: 580/115
یعنی اشارہ کرتے ہوئے دعا کرتے تھے۔ یہ بھی ثابت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے دونوں ہاتھ اپنی دونوں رانوں پر رکھتے اور انگوٹھے کو درمیانی انگلی سے ملاتے (حلقہ بناتے) اور شہادت کی انگلی سے اشارہ کرتے تھے۔
مسلم: 579/113
لہٰذا دونوں طرح عمل جائز ہے۔
38: آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی دائیں کہنی کو دائیں ران پر رکھتے تھے۔
ابو داود: 957، 726 وسندہ صحیح، النسائی: 1266، ابن خزیمہ: 713، ابن حبان، الاحسان: 1857
آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی دونوں ذراعیں
النسائی: 1266، ذراع کے مفہوم کے لیے دیکھیے فقرہ: 4
اپنی رانوں پر رکھتے تھے۔
النسائی: 265 و حدیث صحیح بالشواهد
39:آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب تشہد کے لیے بیٹھتے تو شہادت کی انگلی سے اشارہ کرتے تھے۔
مسلم: 580/115
آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسے اٹھا دیتے، اس کے ساتھ تشہد میں دعا کرتے تھے۔
ابن ماجہ: 912، وسندہ صحیح، ابن حبان، الاحسان: 1942
آپ صلی اللہ علیہ وسلم شہادت والی انگلی کو تھوڑا سا جھکا دیتے تھے۔
ابو داود: 991 وسندہ حسن، ابن خزیمہ: 716، ابن حبان الاحسان: 1943
آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی شہادت والی انگلی کو حرکت دیتے (ہلاتے) رہتے تھے۔
النسائی: 269 وسندہ صحیح، ابن خزیمہ: 714، ابن الجارود فی المنتقی: 208، ابن حبان، الاحسان: 1857
تنبیہ: بعض لوگوں نے غلط فہمی کی وجہ سے یہ اعتراض کیا ہے کہ يحركها کا لفظ شاذ ہے کیونکہ اسے زائدہ بن قدامہ کے علاوہ کسی نے بیان نہیں کیا، اس کا جواب یہ ہے کہ: زائدہ بن قدامہ ثقہ ثبت، صاحب سنة ہیں (التقریب: 1982) لہٰذا ان کی زیادت مقبول ہے اور دوسرے راویوں کا یہ لفظ ذکر نہ کرنا شذوذ کی دلیل نہیں کیونکہ عدم ذکر نفی ذکر کی دلیل نہیں ہوتا۔
یاد رہے کہ ولا يحركها والی روایت (ابو داود: 989، النسائی: 1271) محمد بن عجلان کی تدلیس کی وجہ سے ضعیف ہے، دیکھیے میری کتاب "ألــوار الصحيفة فى الأحاديث الضعيفة” ص 28۔ محمد بن عجلان مدلس ہیں (طبقات المدلسین: 3/98 تحقیقی / الفتح المبین)۔
40: آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی تشہد کی انگلی کو قبلہ رخ کرتے اور اسی کی طرف دیکھتے رہتے تھے۔
النسائی: 1161، وسندہ صحیح، ابن خزیمہ: 719، ابن حبان، الاحسان: 1943
تنبیہ: یہ روایت اس متن کے بغیر صحیح مسلم: 580/116 میں مختصر موجود ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم دو رکعتوں کے بعد والے (پہلے) تشہد، اور چار رکعتوں کے بعد والے (آخری) تشہد، دونوں تشہدوں میں یہ اشارہ کرتے تھے۔
النسائی: 1162، وسندہ حسن
تنبیہ: لاالہ پر انگلی اٹھانا اور الا اللہ پر رکھ دینا کسی حدیث سے ثابت نہیں ہے، بلکہ احادیث کے عموم سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ شروع سے آخر تک، حلقہ بنا کر شہادت والی انگلی اٹھائی جائے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک شخص کو دیکھا جو (تشہد میں) دو انگلیوں سے اشارہ کر رہا تھا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”أحد أحد صرف ایک انگلی سے اشارہ کرو۔“ (الترمذی: 3557)
41: آپ صلی اللہ علیہ وسلم تشہد میں درج ذیل دعا (التحیات) سکھاتے تھے:
التَّحِيَّاتُ لِلَّهِ وَالصَّلَوَاتُ وَالطَّيِّبَاتُ، السَّلَامُ عَلَيْكَ
عليك سے یہاں مراد حاضر نہیں بلکہ غائب ہے۔ عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ ”جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فوت ہو گئے تو ہم: السلام يعني على النبي پڑھتے تھے (البخاری: 6265)۔
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا عليك کی جگہ علي پڑھنا اس کی زبردست دلیل ہے کہ عليك سے مراد یہاں قطعاً حاضر نہیں ہے۔ یاد رہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اپنی روایتوں کو بعد والے لوگوں کی بہ نسبت زیادہ جانتے ہیں۔
أَيُّهَا النَّبِيُّ وَرَحْمَةُ اللَّهِ وَبَرَكَاتُهُ، السَّلَامُ عَلَيْنَا وَعَلَى عِبَادِ اللَّهِ الصَّالِحِينَ، أَشْهَدُ أَنْ لَا إِلَهَ إِلَّا اللَّهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا عَبْدُهُ وَرَسُولُهُ
البخاری: 1202
تنبیہ: اس مشہور التحيات کے علاوہ دوسرے جتنے صیغے صحیح حسن احادیث سے یہاں پڑھنے ثابت ہیں (اس کے بدلے) ان کا پڑھنا جائز اور موجب ثواب ہے۔
42: پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم درود پڑھنے کا حکم دیتے تھے:
اللَّهُمَّ صَلِّ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا صَلَّيْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ، اللَّهُمَّ بَارِكْ عَلَى مُحَمَّدٍ وَعَلَى آلِ مُحَمَّدٍ كَمَا بَارَكْتَ عَلَى إِبْرَاهِيمَ وَعَلَى آلِ إِبْرَاهِيمَ إِنَّكَ حَمِيدٌ مَجِيدٌ
البخاری: 3370، البیہقی فی السنن الكبرى 2856/148/2
43: دو رکعتیں مکمل ہو گئیں، اب اگر دو رکعتوں والی نماز (مثلاً صلوٰة الفجر) ہے تو دعا پڑھ کر دونوں طرف سلام پھیر دیں اور اگر تین یا چار رکعتوں والی نماز ہے تو تکبیر کہہ کر کھڑے ہو جائیں۔
پہلے تشہد میں درود پڑھنا انتہائی بہتر اور موجب ثواب ہے، عام دلائل میں قولوا کے ساتھ اس کا حکم آیا ہے کہ درود پڑھو، اس حکم میں آخری تشہد یا پہلے تشہد کی کوئی تخصیص نہیں ہے۔ نیز دیکھیے سنن النسائی (ج 2 ص 241 ح 1721) والسنن الكبرى (500، 499/2، وسندہ صحیح)۔
تاہم اگر کوئی شخص پہلے تشہد میں درود نہ پڑھے اور صرف التحیات پڑھ کر ہی کھڑا ہو جائے تو یہ بھی جائز ہے جیسا کہ عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ نے التحیات (عبدہ ورسولہ تک) سکھا کر فرمایا: ”پھر اگر نماز کے درمیان (اول تشہد) میں ہو تو (اٹھ کر) کھڑا ہو جائے۔“ (مسند احمد: 459/1 ح 4382، وسندہ حسن)
النسائی: 273 وھو حدیث صحیح، اس سے یہ بھی ثابت ہوا کہ شروع تشہد سے لے کر آخر تک شہادت والی انگلی اٹھائی رکھنی چاہیے۔
44: پھر جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم دو رکعتیں پڑھ کر اٹھتے تو (اٹھتے وقت تکبیر («اللہ اکبر») کہتے
البخاری: 803، 789، مسلم: 392/28
اور رفع الیدین کرتے۔
البخاری: 739
تنبیہ: یہ روایت بالکل صحیح ہے، اس پر بعض محدثین کی جرح مردود ہے، سنن ابی داود (730 وسندہ صحیح) وغیرہ میں اس کے صحیح شواہد بھی ہیں۔ والحمد للہ۔
45: تیسری رکعت بھی دوسری رکعت کی طرح پڑھنی چاہیے، الا یہ کہ تیسری اور چوتھی (آخری دونوں) رکعتوں میں صرف سورہ فاتحہ پڑھنی چاہیے اس کے ساتھ کوئی سورت وغیرہ نہیں ملانی چاہیے جیسا کہ سیدنا ابو قتادہ رضی اللہ عنہ کی بیان کردہ حدیث سے ثابت ہے۔
دیکھیے فقرہ: 11، حاشیہ: 5
46: اگر تین رکعتوں والی نماز (مثلاً صلوٰة المغرب) ہے تو تیسری رکعت مکمل کرنے کے بعد (دوسری رکعت کی طرح تشہد اور درود پڑھ لیا جائے اور دعا (جس کا ذکر آگے آ رہا ہے) پڑھ کر دونوں طرف سلام پھیر دیا جائے۔
دیکھیے البخاری: 1092
تیسری رکعت میں اگر سلام پھیرا جائے تو تورک کرنا چاہیے، دیکھیے فقرہ: 48۔
47: اگر چار رکعتوں والی نماز ہے تو پھر دوسرے سجدے کے بعد بیٹھ کر کھڑا ہو جائے۔
دیکھیے فقرہ: 33
48: چوتھی رکعت بھی تیسری رکعت کی طرح پڑھے۔
یعنی صرف سورہ فاتحہ ہی پڑھے، تاہم تیسری اور چوتھی رکعتوں میں سورہ فاتحہ کے علاوہ سورت وغیرہ پڑھنا جائز ہے جیسا کہ صحیح مسلم (452) کی حدیث سے ثابت ہے۔
آپ صلی اللہ علیہ وسلم چوتھی رکعت میں تورک کرتے تھے (صحیح البخاری: 828)۔ تورک کا مطلب یہ ہے کہ ”نمازی کا دایاں کولہا دائیں پیر پر اس طرح رکھنا کہ وہ کھڑا ہو، اور انگلیوں کا رخ قبلہ کی طرف ہو، نیز بایاں کولہا زمین پر ٹیکنا اور بایاں پیر پھیلا کر دائیں طرف نکالنا۔“ (القاموس الوحید ص 841، نیز دیکھیے فقرہ: 49)۔
نماز کی آخری رکعت کے تشہد میں تورک کرنا چاہیے۔ دیکھیے سنن ابی داود (730 وسندہ صحیح)۔
چوتھی رکعت مکمل کرنے کے بعد التحیات اور درود پڑھے۔
دیکھیے فقرہ: 41، وفقرہ: 42
اگر دوسری رکعت پر سلام پھیرا جا رہا ہے تو تورک کرنا بہتر ہے اور نہ کرنا بھی جائز ہے، دیکھیے فقرہ: 34، حاشیہ: 9۔
49: پھر اس کے بعد جو دعا پسند ہو (عربی زبان میں) پڑھ لے۔
البخاری: 835، مسلم: 402، اس پر امیر المؤمنین فی الحدیث، امام بخاری رحمہ اللہ نے یہ باب باندھا ہے: ”باب ما يتخير من الدعاء بعد التشهد وليس بواجب“ یعنی: تشہد کے بعد جو دعا اختیار کر لی جائے اس کا باب اور یہ (دعا) واجب نہیں ہے۔
چند دعائیں درج ذیل ہیں جنہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پڑھتے یا پڑھنے کا حکم دیتے تھے:
اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ وَمِنْ عَذَابِ النَّارِ، وَمِنْ فِتْنَةِ الْمَحْيَا وَالْمَمَاتِ وَمِنْ فِتْنَةِ الْمَسِيحِ الدَّجَّالِ
البخاری: 1377، مسلم: 588/131، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس دعا کا حکم دیتے تھے (مسلم: 588/130) لہٰذا یہ دعا تشہد میں ساری دعاؤں سے بہتر ہے۔ طاوس (تابعی) سے مروی ہے کہ وہ اس دعا کے بغیر نماز کے اعادے کا حکم دیتے تھے (مسلم: 590/134)۔
اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَسِيحِ الدَّجَّالِ وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَحْيَا وَفِتْنَةِ الْمَمَاتِ، اللَّهُمَّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ مِنَ الْمَأْثَمِ وَالْمَغْرَمِ
البخاری: 832، مسلم: 589
اللَّهُمَّ إِنَّا نَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ جَهَنَّمَ، وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ عَذَابِ الْقَبْرِ وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَسِيحِ الدَّجَّالِ وَأَعُوذُ بِكَ مِنْ فِتْنَةِ الْمَحْيَا وَالْمَمَاتِ
مسلم: 590
اللَّهُمَّ إِنِّي ظَلَمْتُ نَفْسِي ظُلْمًا كَثِيرًا وَلَا يَغْفِرُ الذُّنُوبَ إِلَّا أَنْتَ، فَاغْفِرْ لِي مَغْفِرَةً مِنْ عِنْدِكَ، وَارْحَمْنِي إِنَّكَ أَنْتَ الْغَفُورُ الرَّحِيمُ
البخاری: 834، مسلم: 2705
اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي مَا قَدَّمْتُ وَمَا أَخَّرْتُ وَمَا أَسْرَرْتُ وَمَا أَعْلَنْتُ وَمَا أَسْرَفْتُ، وَمَا أَنْتَ أَعْلَمُ بِهِ مِنِّي، أَنْتَ الْمُقَدِّمُ وَأَنْتَ الْمُؤَخِّرُ لَا إِلَهَ إِلَّا أَنْتَ
مسلم: 771
50: ان کے علاوہ جو دعائیں ثابت ہیں ان کا پڑھنا جائز اور موجب ثواب ہے مثلاً آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہ دعا بکثرت پڑھتے تھے:
اللَّهُمَّ رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ
البخاری: 4522،
دعا کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم دائیں اور بائیں طرف سلام پھیر دیتے تھے:
مسلم: 582، 581
السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللَّهِ، السَّلَامُ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللَّهِ
ابو داود: 996، وھو حدیث صحیح، الترمذی: 295 وقال: «حسن صحیح» النسائی: 1320، ابن ماجہ: 914، ابن حبان، الاحسان: 1987
تنبیہ: ابو اسحاق الہمدانی نے "حدثني علقمة بن قيس والأسود بن يزيد وأبو الأحوص” کہہ کر سماع کی تصریح کردی ہے، دیکھیے السنن الكبرى للبیہقی: 177/2، 2974، لہٰذا اس روایت پر جرح صحیح نہیں ہے۔ ابو اسحاق سے یہ روایت سفیان الثوری وغیرہ نے بیان کی ہے۔ والحمد للہ۔
اگر دائیں طرف السلام عليكم ورحمة الله وبركاته اور بائیں طرف السلام عليكم ورحمة الله کہیں تو بھی جائز ہے، دیکھیے سنن ابی داود (997 وسندہ صحیح)۔
51: اگر امام نماز پڑھا رہا ہو تو جب وہ سلام پھیر دے تو سلام پھیرنا چاہیے۔ عتبان بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: صلينا مع النبى صلى الله عليه وسلم فسلمنا حين سلم ہم نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ نماز پڑھی، جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سلام پھیرا تو ہم نے بھی سلام پھیرا۔
البخاری: 838، عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما پسند نہیں کرتے تھے کہ جب امام سلام پھیر لے تو (پھر) مقتدی سلام پھیریں (البخاری قبل حدیث: 838 تعلیقاً)۔ لہٰذا بہتر یہی ہے کہ امام کے دونوں طرف سلام پھیرنے کے بعد ہی مقتدی سلام پھیرے۔ اگر امام کے ساتھ ساتھ، پیچھے پیچھے بھی سلام پھیر لیا جائے تو جائز ہے، دیکھیے فتح الباری (323/2 باب 153، يسلم حين يسلم الإمام)۔

دعائے قنوت:

اللَّهُمَّ اهْدِنِي فِيمَنْ هَدَيْتَ وَعَافِنِي فِيمَنْ عَافَيْتَ وَتَوَلَّنِي فِيمَنْ تَوَلَّيْتَ وَبَارِكْ لِي فِيمَا أَعْطَيْتَ وَقِنِي شَرَّ مَا قَضَيْتَ إِنَّكَ تَقْضِي وَلَا يُقْضَى عَلَيْكَ وَإِنَّهُ لَا يَذِلُّ مَنْ وَالَيْتَ وَلَا يَعِزُّ مَنْ عَادَيْتَ تَبَارَكْتَ رَبَّنَا وَتَعَالَيْتَ
(سنن ابی داود: 1/208، 209 ح 1425، الترمذی (106/1 ح 464) نے حسن، ابن خزیمہ (251/2-152 ح 1096، 1095) اور نووی نے صحیح کہا ہے)

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1