مختلف جہری نمازوں میں مخصوص سورتوں کی قراءت صحیح احادیث کی روشنی میں
یہ اقتباس شیخ زبیر علی زئی رحمہ اللہ کی کتاب ہدیۃ المسلمین نماز کے اہم مسائل مع مکمل نماز نبویﷺ سے ماخوذ ہے۔

نماز میں مسنون قراءت

عن أبى هريرة قال: كان رسول الله صلى الله عليه وسلم يقرأ فى الفجر يوم الجمعة ﴿الٓمّٓ تَنْزِيْلُ﴾ و ﴿هَلْ اَتٰى عَلَى الْاِنْسَانِ﴾
ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی (فرض) نماز میں جمعہ کے دن، ﴿الٓمّٓ تَنْزِيْلُ﴾ (سورہ السجدہ) اور ﴿هَلْ اَتٰى عَلَى الْاِنْسَانِ﴾ (سورہ الدہر) تلاوت فرماتے تھے۔ [صحیح البخاری: 122/1 ح 891، صحیح مسلم:288/1 ح 880]
فوائد
(1)اس حدیث پاک سے نمازوں میں قراءت کے تعین کا مسئلہ ثابت ہوتا ہے۔
(2) تمام مساجد کے اماموں کو چاہیے کہ جمعہ کے دن صبح کی نماز میں سورہ سجدہ اور سورہ دہر کی تلاوت کریں۔
(3)جمعہ کی فرض نماز میں، پہلی رکعت میں سورہ الاعلیٰ اور دوسری میں سورہ غاشیہ پڑھنا مسنون ہے۔ [دیکھیے صحیح مسلم:288/1 ح 878]
(4)اگر جمعہ کے دن عید آجائے تو جمعہ اور عید دونوں میں سورہ الاعلیٰ اور سورہ الغاشیہ پڑھنا مسنون ہے۔ [صحیح مسلم: 287/1 ح 878]
عید کی نماز میں سورہ القمر اور ق والقرآن المجيد پڑھنا بھی مسنون ہے۔ [صحیح مسلم:291/1 ح 891]
(5)پہلی رکعت میں چھوٹی اور دوسری رکعت میں لمبی سورت پڑھنا بھی جائز ہے، مثلاً اول میں سورہ الاعلیٰ اور دوسری میں سورہ الغاشیہ۔
(6)سورتوں میں تقدیم و تاخیر بھی جائز ہے، مثلاً پہلے سورہ النساء پڑھے اور بعد میں آل عمران پڑھے۔ [صحیح مسلم: 264/1 ح 772]
تاہم ترتیب بہتر ہے جیسا کہ عام احادیث سے ثابت ہے۔
(7)نماز میں ایک آیت بار بار پڑھنا بھی جائز ہے۔ [سنن النسائی:156/1،157 ،ح 1011 وصحہ الحاکم والذہبی: 241/1 ح 879 والبوصیری]
مزید تحقیق کے لیے دیکھیے مختصر قیام اللیل للمروزی (ص 130)
(8)ان معینہ سورتوں کو صرف وہی حضرات پڑھتے ہیں، جن کے ہاں سنت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اہمیت ہے اور جنہیں اللہ تعالیٰ سنت پر عمل کی توفیق دیتا ہے۔ یاد رہے کہ سنت رسول بین الاقوامی حیثیت رکھتی ہے۔ اس چیز کا مشاہدہ کرنا چاہیں تو آپ نماز جمعہ میں متبعین سنت کی کسی بھی مسجد میں چلے جائیں، وہاں آپ دیکھیں گے کہ یہی مسنون سورتیں پڑھی جا رہی ہیں، جبکہ بدعت علاقائی ہوتی ہے۔ آپ دیگر مساجد میں جا کر دیکھ لیں کہ کسی مسجد میں کچھ سورتیں پڑھی جا رہی ہیں اور کسی دوسری مسجد میں کوئی اور سورتیں پڑھی جا رہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے حبیب محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی اتباع کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1