سوال:
نماز تہجد کی کتنی رکعات ہیں؟
جواب:
نبی کریم صلى الله عليه وسلم کی قیام اللیل کی رکعات آٹھ تھیں، کبھی ایک وتر ملا کر نو کرتے، کبھی تین وتر پڑھ کر گیارہ کرتے، کبھی ایک وتر اور فجر کی دو سنتیں ملا کر تیرہ کرتے، کبھی پانچ وتر ملا کر تیرہ کرتے، کبھی تین وتر اور فجر کی دو سنتیں اور قیام اللیل سے پہلے دو افتتاحی رکعات ملا کر پندرہ ادا کرتے۔ اس طرح مختلف اوقات میں مختلف رکعات ہوتی تھیں۔
حقیقت میں وتر ایک، تین، پانچ، سات اور نو ہیں، جن روایات میں تیرہ رکعات کا ذکر ہے، ان میں قیام اللیل آٹھ رکعات ہیں۔ ایک یا تین وتر پڑھ کر آپ صلى الله عليه وسلم اسے طاق بنادیتے، گیارہ یا تیرہ میں وتر ایک، تین اور پانچ ہیں، جنہوں نے باقی نماز کو وتر بنادیا۔
❀ امام اسحاق بن راہویہ رحمة الله فرماتے ہیں:
”نبی کریم صلى الله عليه وسلم سے جو تیرہ رکعات وتر مروی ہیں، ان کا مطلب یہ ہے کہ آپ صلى الله عليه وسلم رات کو تیرہ رکعات مع وتر پڑھتے، چنانچہ رات کی نماز کو وتر کی طرف منسوب کر دیا گیا۔“
(سنن الترمذي، تحت الحديث: 457)