َ
سوال:
میت کے پاس جا کر کیا کہنا چاہیے؟
جواب:
سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: کسی مریض کے پاس جانا ہو، تو اچھے الفاظ کہا کریں کہ فرشتے آپ کے کہے پر آمین کہتے ہیں۔
ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں، جب ابو سلمہ رضی اللہ عنہ فوت ہوئے، تو میں نے عرض کیا: اللہ کے رسول! ابو سلمہ رضی اللہ عنہ دنیا میں نہیں رہے، تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: آپ یہ دعا پڑھا کریں:
أَللَّهُمَّ اغْفِرْ لِي وَلَهُ، وَأَعْقِبْنِي مِنْهُ عُقْبَى حَسَنَةً
یا اللہ! میری اور ان کی مغفرت فرما اور مجھے ان کا نعم البدل عطا فرما۔
ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں: میں نے یہ دعا مانگی، تو ابو سلمہ رضی اللہ عنہ سے بہتر اللہ نے مجھے عطا کر دیا، یعنی محمد صلی اللہ علیہ وسلم۔
(صحیح مسلم: 919)
میت کے پاس اس کی اچھائی ہی بیان کرنی چاہیے اور ورثاء کو تسلی اور صبر کی تلقین کرنی چاہیے۔