ماخوذ: فتاوی امن پوری از شیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری
سوال:
مطلقہ ماں کو کب تک حق پرورش حاصل رہتا ہے؟
جواب:
میاں بیوی میں طلاق ہو جائے، تو نابالغ بچوں کی تربیت کا زیادہ حق ماں کو حاصل ہے، الا یہ کہ ماں کی پرورش بچے کے حق میں بہتر نہ ہو، تو یہ حق باپ کو حاصل ہو جاتا ہے۔ البتہ اگر مطلقہ ماں دوسری جگہ شادی کر لے، تو اسے حق پرورش نہیں رہتا۔
❀ علامہ خطابی رحمہ اللہ (388ھ) فرماتے ہیں:
”اہل علم کا اس میں کوئی اختلاف نہیں کہ ماں جب تک آگے شادی نہ کر لے، چھوٹے بچے پر والد سے زیادہ حق رکھتی ہے۔ جب شادی کر لے تو بچے پر کوئی حق نہیں۔ اگر ماں نہ ہو، تو نانی، پھر اوپر والی جدات حق دار ہوں گی۔“
(معالم السنن: 282/3)
یہ اجماعی مسئلہ ہے۔
❀ علامہ ابوبکر ابن العربی رحمہ اللہ (543ھ) فرماتے ہیں:
اتفق العلماء على ذلك.
”علمائے کرام کا اس پر اتفاق ہے۔“
(المسالك شرح موطأ مالك: 489/6، القبس في شرح موطأ مالك بن أنس، ص 954)