مسلمان کی طرف ہتھیار سے اشارہ کرنے کی ممانعت
مؤلف : ڈاکٹر محمد ضیاء الرحمٰن اعظمی رحمہ اللہ

« باب النهي عن الاشارة بالسلاح إلى مسلم »
کسی مسلمان کی طرف اسلحہ سے اشارے کی ممانعت

✿ «عن أبى هريرة، عن النبى صلى الله عليه وسلم، قال:” لا يشير احدكم على اخيه بالسلاح، فإنه لا يدري لعل الشيطان ينزع فى يده فيقع فى حفرة من النار.» [متفق عليه: رواه البخاري 7072، ومسلم 2617.]
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص اپنے بھائی کی طرف ہتھیار سے اشارہ نہ کرے۔ کیوں کہ تم میں سے کسی کو معلوم نہیں کہ شاید شیطان اس کے ہاتھ سے چھین لے۔ پھر وہ شخص جہنم کے گڑھے میں گر جائے۔

✿ « عن أبى هريرة قال ابو القاسم صلى الله عليه وسلم: ” من اشار إلى اخيه بحديدة، فإن الملائكة تلعنه حتى يدعه، وإن كان اخاه لابيه وامه ".» [صحيح رواه مسلم 2616]
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ انھوں نے فرمایا: ابو القاسم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جس نے اپنے بھائی کی طرف کسی لوہے کے ہتھیار سے اشارہ کیا تو ملائکہ اس پر لعنت کرتے رہیں گے یہاں تک کہ وہ اس سے باز آ جائے۔ اگرچہ وہ شخص اس کے باپ اور اس کی ماں کی طرف سے اس کا بھائی لگتا ہو۔

✿ « عن أبى هريرة أن رسول الذى قال: من حمل علينا السلاح فليس منا، ومن غشينا فليس منا. » [صحيح، رواه مسلم 101.]
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو ہمارے خلاف ہتھیار اٹھالے وہ ہم میں سے نہیں ہے۔ اور جو ہمیں دھوکا دے وہ ہم میں سے نہیں ہے۔

✿ «عن عبد الله بن عمر رضي الله عنهما، ان رسول الله صلى الله عليه وسلم، قال:” من حمل علينا السلاح فليس منا”.» [متفق عليه رواه البخاري 7070 ومسلم 98]
حضرت عبد اللہ بن عمر سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو ہمارے خلاف ہتھیار اٹھا لے وہ ہم میں سے نہیں ہے۔

✿ « عن أبى موسى الأشعري عن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: من حمل علينا السلاح فليس منا.»
حضرت ابو موسی اشعری رضی اللہ عنہ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرمایا: جو ہمارے خلاف ہتھیار اٹھالے وہ ہم میں سے نہیں ہے۔

✿ «عن اياس بن سلمة عن أبيه عن النبى صلى الله عليه وسلم قال: من حمل علينا السلاح فليس منا.» [متفق عليه: رواه البخاري 7071، ومسلم 100.]
ایاس بن أبی سلمہ اپنے والد سے، وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ نے ارشاد فرمایا: جو شخص ہمارے خلاف ہتھیار اٹھائے وہ ہم میں سے نہیں ہے۔

✿ «عن أبى موسى عن النبى صلى الله عليه وسلم : قال: إذا مر أحدكم فى مسجدنا أو فى سوقنا ومعه نبل فليمسك على نصالها بكفه أن يصيب أحدا من المسلمين منها بشيء أو قال: ليقبض على نصالها. » [صحيح: رواه مسلم 99.]
حضرت ابو موسی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ وہ نبی کر یم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: جب تم میں سے کسی شخص کا ہمارے مسجد سے گزر ہو یا ہمارے بازار سے، اور اس کے ساتھ تیر ہو۔ تو اس کو چاہیے کہ اس کی اني کو اپنی ہتھیلی میں پکڑ لے۔ تا کہ وہ کسی مسلمان کو نہ لگے۔ یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اس کی انی کو اپنے قبضے میں لے۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے