سوال :
کیا ایک مرد دوسرے مرد کو کپڑے تبدیل کرتے وقت ننگی حالت میں دیکھ سکتا ہے؟ اسی طرح کیا ایک عورت دوسری عورت کو کپڑے تبدیل کرتے وقت ننگی حالت میں دیکھ سکتی ہے؟
جواب :
آدمی کا آدمی کی شرمگاہ کی طرف دیکھنا، اسی طرح عورت کا عورت کی شرمگاہ کی طرف دیکھنا حرام ہے۔ ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”مرد مرد کی شرمگاہ نہ دیکھے اور نہ عورت عورت کی شرمگاہ دیکھے اور آدمی آدمی کے ساتھ کپڑے میں (برہنہ) نہ لیٹے اور نہ عورت عورت کے ساتھ ایک کپڑے میں (برہنہ ) لیٹے ۔“
(مسلم کتاب الحيض، باب تحريم النظر إلى العورات ح 338)
اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ مرد و خواتین کے لیے ایک دوسرے کی شرمگاہ کو دیکھنا حرام ہے۔ امام ابن القطان الفاسی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
”مرد کے لیے مرد کی شرمگاہ دیکھنا حلال نہیں، یہ بات شک و شبہ سے بالا ہے اور اس میں کوئی اختلاف نہیں۔“
اس کے بعد اوپر ذکر کردہ حدیث کو بطور استدلال پیش کیا ہے، اسی طرح انہوں نے ایک اور مقام پر عورت کے لیے عورت کی شرمگاہ کو دیکھنا بھی حرام قرار دیا ہے اور یہی حدیث بطور دلیل ذکر کی ہے۔ مذکورہ بالا حدیث سے واضح ہو گیا کہ مرد حضرات مردوں کی شرمگاہ کو نہیں دیکھ سکتے، اسی طرح عورتیں عورتوں کی شرمگاہ کو نہیں دیکھ سکتیں۔