سوال:
جب لقمہ گر جائے تو مجھے کیا کرنا چاہیے ؟ کیا شیطان بائیں ہاتھ سے کھاتا ہے ؟
جواب :
جب لقمہ گر جائے تو اٹھا کر صاف کر کے کھا لینا چاہیے۔
مسلم شریف کی روایت ہے، سیدنا جابر رضی اللہ عنہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں:
إذا وقعت لقمة أحدكم فليأخذها فليمط ما كان بها من أذى وليأكلها، ولا يدعها للشيطان، ولا يمسح يده بالمنديل حتى يلعق أصابعه، فإنه لا يدري فى أى طعايير البركة
”جب تم میں سے کسی کا لقمہ گر جائے تو وہ اس کو اٹھا کر اس کے ساتھ لگی مٹی وغیرہ کو صاف کر کے کھا لے اور شیطان کے لیے نہ چھوڑے اور انگلیاں چاٹنے سے قبل رومال کے ساتھ صاف نہ کرے، کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ کھانے کے کس ذرے میں برکت رکھی گئی ہے۔ “
صحیح مسلم کی ایک دوسری روایت ہے :
إن الشيطان يحضر أحدكم عند كل شيء من شأنه حتى يحضره عند طعامه، فإذا سقطت من أحدكم اللقمة فليمط ما كان بها من أذى ثم ليأكلها ولا يدعها للشيطان
”شیطان بندے کے ہر کام کے وقت ہی آ جاتا ہے، حتی کہ کھانا كهانے كے وقت بھی، لہٰذا جب کسی کا لقمہ گر جائے تو وہ اٹھا کر اس کے ساتھ لگی مٹی وغیرہ صاف کرنے کے بعد کھا لے اور شیظان کے لیے پڑا نہ رہنے دے۔“ [صحيح مسلم، رقم الحديث 182]
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
لا تأكلو بالشمال، فإن الشيطان يأكل ويشرب بشماله
”بائیں ہاتھ سے نہ کھاؤ، کیونکہ شیطان بائیں ہاتھ سے کھاتا پیتا ہے۔“ [صحيح مسلم، رقم الحديث 183 ]