قیامت کی نشانی : دل کا دورہ (Heart Attack) بکثرت ہوگا

فونٹ سائز:
یہ اقتباس شیخ حافظ مبشر حسین لاہوری کی کتاب قیامت کی نشانیاں صحیح احادیث کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔

قیامت کی نشانی : دل کا دورہ (Heart Attack) بکثرت ہوگا

وعن أنس بن مالك رضى الله عنه عن النبى صلى الله عليه وسلم قال : إن من أمارات الساعة ….. أن يظهر موت الفجاءة
”حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ اچانک کی موت بکثرت ہوگی۔“
مجمع الزوائد (325/7) صحيح الجامع (214/5)
شیخ البانی نے اس کی سند کو حسن کہا ہے۔

فوائد :

➊ کسی تندرست شخص کا بلا مرض اچانک فوت ہو جانا ہارٹ اٹیک کی موت سے موسوم کیا جاتا ہے۔
➋ بکثرت ہارٹ اٹیک سے موت واقع ہونا قیامت کی ایک نشانی ہے۔
➌ مذکورہ نشانی موجودہ دور میں پورے عروج پر ہے ہر روز بلا مبالغہ بہت سے لوگ ہارٹ اٹیک کا شکار ہو کر مر رہے ہیں۔
➍ ممکن ہے کہ جوں جوں قیامت قریب ہو توں توں اس علامت قیامت کے وقوع میں اضافہ ہوتا جائے۔
➎ امام بخاری رحمہ اللہ سے یہ اشعار منقول ہیں :
اغتنم فى الفراغ فضل ركوع / فعسى أن يكون موتك بغتة
فارغ وقت کو غنیمت سمجھ کر کچھ رکوع کرلے قریب ہے کہ تیری موت اچانک واقع ہو۔
كم صحيح رأيت من غير سقم / ذهبت نفسه الصحيحة فلتة
تم کتنے ہی صحت مند لوگوں کو دیکھتے ہو جن کی صحت مند جانیں اچانک فوت ہو جاتی ہیں۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ رقم طراز ہیں کہ : یہ عجیب اتفاق ہے کہ امام بخاری رحمہ اللہ بھی اسی طرح (اچانک پن میں) فوت ہوئے تھے۔
مقدمہ فتح الباری (ص 381)