ماخوذ: فتاوی امن پوری از شیخ غلام مصطفی ظہیر امن پوری
سوال:
جس کو بات بات پر قسم اٹھانے کی عادت ہو، تو اس کا کیا حکم ہے؟
جواب:
قسم جو اس کا تکیہ کلام ہو، اس کی قسم کا اعتبار نہیں، یہ لغو قسم ہے۔ اس پر کفارہ واجب نہیں ہوتا۔
❀ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿لَا يُؤَاخِذُكُمُ اللَّهُ بِاللَّغْوِ فِي أَيْمَانِكُمْ﴾ (البقرة : 225)
”اللہ تعالیٰ لغو قسموں پر تمہارا مواخذہ نہیں کرتا۔“
❀ اس آیت کے متعلق سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:
”یہ آیت لوگوں کے یوں کہنے کے متعلق اتری ہے: اللہ کی قسم! اللہ کی قسم!“
(یعنی گفتگو کے دوران تکیہ کلام کے طور پر غیر ارادی قسمیں کھانا یمین لغو ہے۔)
(صحيح البخاري : 6663)