غلام و لونڈی کی زنا کی سزا نصف حد
تحریر: عمران ایوب لاہوری

غلام کو آزاد کی سزا سے نصف کوڑے لگائے جائیں گے
➊ ارشاد باری تعالی ہے کہ :
فَعَلَيْهِنَّ نِصْفُ مَا عَلَى الْمُحْصَنَاتِ مِنَ الْعَذَابِ [النساء: 25]
”ان عورتوں (یعنی لونڈیوں ) پر آزاد عورتوں سے نصف سزا ہے ۔“
➋ حضرت علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے ایک لونڈی کو کوڑے لگانے کے لیے بھیجا جس نے زنا کا ارتکاب کیا تھا ۔ میں نے اسے دیکھا تو وہ حالت نفاس میں تھی ۔ میں نے واپس آ کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس کی اطلاع دی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إذا تعالت من نفاسها فاجلدها خمسين
”جب وہ نفاس سے نکل آئے تو اسے پچاس کوڑے لگا دینا ۔“
[عبدالله بن احمد فى زوائد المسند: 135/1 ، احمد: 156/1 ، مسلم: 1705]
➌ حضرت عبد الله بن عیاش مخزومی فرماتے ہیں کہ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے مجھے قریش کے چند نوجوانوں کے ساتھ حکم دیا پھر ہم نے (حکم کی تعمیل کرتے ہوئے ) حکومتی لونڈیوں میں سے کچھ لونڈیوں کو زنا کرنے کی وجہ سے پچاس پچاس کوڑے لگائے ۔
[موطا: 827/2]
❀ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کا مؤقف یہ ہے کہ غیر شادی شدہ غلام پر کوئی حد نہیں کیونکہ قرآن میں ہے کہ :
فَإِذَا أَحْصِنُ
”جب وہ شادی کر لیں (تب انہیں نصف سزا دو ) ۔“
[تفسير فتح القدير: 450/1]
اس کا جواب یہ دیا گیا ہے کہ احصان سے مراد یہاں اسلام ہے ۔ فی الحقیقت لفظ إحصان کلام عرب میں روکنے کے معنی میں مستعمل ہے اور کتاب و سنت میں اسلام ، حریت ، پاکدامنی اور شادی کے لیے استعمال ہوا ہے جیسا کہ مندرجہ ذیل آیات اس پر شاہد ہیں:
وَالْمُحْصَنَاتُ مِنَ النِّسَاءِ [النساء: 24]
”شادی کے لیے ۔“
أَن يَنكِحَ الْمُحْصَنَاتِ الْمُؤْمِنَاتِ [النساء: 25]
”حریت کے لیے ۔“
وَالَّذِينَ يَرْمُونَ الْمُحْصَنَاتِ [النور: 4]
”عفت و پاکدامنی کے لیے ۔“
مُّحْصِنِينَ غَيْرَ مُسَافِحِينَ [النساء: 24]
”شادی کے لیے ۔“
فَإِذَا أُحْصِنَّ [النساء: 25]
”شادی کے لیے ۔“
اسی پر اہل علم ہیں ۔
[الروضة الندية: 593/7 – 594]
(جمہور ) لونڈی کی سزا پچاس کوڑے ہے خواہ مسلمان ہو یا کافر شادی شدہ ہو یا کنواری ۔
[تفسير فتح القدير: 451/1]
(راجح) جمہور کا مؤقف ہی راجح ہے کیونکہ ایک حدیث میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے غیر شادی شدہ لونڈی کے متعلق سوال کیا گیا کہ وہ زنا کرے تو کیا حکم ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إن زنت فاجلدوها ثم إن زنت فاجلدوها ثم إن زنت فبيـعـوهـا ولو بضفير
”اگر وہ زنا کرے تو اسے کوڑے لگاؤ ۔ پھر اگر وہ زنا کرے تو اسے کوڑے لگاؤ اور اگر پھر زنا کرے تو فروخت کر دو اگرچہ (بالوں کی بنی ہوئی ) ایک رسی کے بدلے ۔“
[بخاري: 2153 ، كتاب البيوع: باب بيع العبد الزاني ، احمد: 116/4 ، مسلم: 1704 ، ابو داود: 4469 ، ترمذي: 1433 ، ابن ماجة: 2565]
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ لونڈی خواہ غیر شادی شدہ ہی کیوں نہ ہو اگر زنا کرے گی تو اسے (پچاس کوڑے ) حد لگائی جائے گی ۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے