ماخوذ : احکام و مسائل، غسل کا بیان، جلد 1، صفحہ 92
غسل کے فرائض اور طریقہ کار
سوال:
غسل کے کتنے فرائض ہیں اور وہ کون کون سے ہیں؟
جواب:
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
غسل کے درج ذیل فرائض ہیں:
✿ وضوء اور استنجاء کرنا
✿ سر پر تین مرتبہ پانی ڈال کر بالوں کی جڑوں تک پانی پہنچانا
✿ پورے جسم کو دھونا
غسلِ جنابت کا مکمل طریقہ:
حضرت میمونہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:
- رسول اللہ ﷺ نے جب غسل کا ارادہ فرمایا تو سب سے پہلے اپنے دونوں ہاتھ دھوئے، پھر اپنی شرمگاہ کو دھویا۔
- پھر بائیں ہاتھ کو، جس سے شرمگاہ کو دھویا تھا، زمین پر رگڑا، اس کے بعد اسے دھویا۔
- پھر کلی کی اور ناک میں پانی ڈالا۔
- پھر چہرہ دھویا، پھر کہنیوں تک دونوں ہاتھ دھوئے۔
- پھر سر پر پانی ڈالا اور بالوں کی جڑوں تک پانی پہنچایا، تین مرتبہ سر پر پانی ڈالا۔
- پھر پورے بدن پر پانی بہایا۔
- پھر اس جگہ سے ہٹ کر، جہاں غسل کیا تھا، پاؤں دھوئے۔
(بخاری، کتاب الغسل، باب الوضوء قبل الغسل)
ھذا ما عندي والله أعلم بالصواب