مسجد میں نمازِ عید کی ادائیگی
سوال
کیا عید کی نماز مسجد میں ادا کی جا سکتی ہے؟
(سائل: محمد منور بن ذکی، ریاض، سعودی عرب)
جواب
الحمد لله، والصلاة والسلام علىٰ رسول الله، أما بعد!
اگر کوئی مجبوری ہو تو عید کی نماز مسجد میں ادا کرنا جائز ہے۔
سنت نبوی ﷺ کی روشنی میں
امیر المؤمنین سیدنا عمر رضی اللہ عنہ نے فرمایا:
"يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنَّ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ يَخْرُجُ بِالنَّاسِ إِلَى الْمُصَلَّى يُصَلِّي بِهِمْ لِأَنَّهُ أَرْفَقُ”
ترجمہ:
اے لوگو! بے شک رسول اللہ ﷺ لوگوں کو عیدگاہ لے جاتے تاکہ وہاں ان کے ساتھ نماز ادا کریں، کیونکہ یہ عمل زیادہ آسانی اور وسعت کا باعث ہوتا تھا۔
اور اس کی وجہ یہ بھی تھی کہ مسجد میں تمام لوگ سما نہیں سکتے تھے۔
لہٰذا اگر بارش ہو جائے یا کوئی مجبوری لاحق ہو، تو مسجد میں عید کی نماز پڑھ لینا جائز ہے کیونکہ یہ زیادہ آسان طریقہ ہے۔
ضعیف حدیث کا ذکر
اس مسئلہ میں ایک ضعیف حدیث بھی مروی ہے۔
دیکھئے: سنن ابی داؤد، حدیث نمبر 1160
لیکن اس ضعیف روایت کا ہونا یا نہ ہونا برابر ہے۔
(ماخذ: شہادت، اگست 2001)
ھذا ما عندي واللہ أعلم بالصواب