عقیقہ کے بجائے جانور کی قیمت صدقہ کر دینا
افضل یہ ہے کہ جانور کی قیمت صدقہ کرنے کی بجائے عقیقہ کیا جائے کیونکہ یہی مسنون ہے اور اسی کی نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے تلقین فرمائی ہے ۔
(ابن قدامہؒ) عقیقہ کی قیمت صدقہ کرنے سے عقیقہ کے جانور کو ذبح کر دینا افضل ہے۔ امام احمدؒ نے اس پر نص بیان کی اور کہا کہ جب کسی کے پاس اس قدر مال نہ ہو کہ جس سے عقیقہ کر سکے تو قرض لے لے ۔ مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ اسے سنت زندہ کرنے کی وجہ سے پورا پورا بدلہ دے گا ۔ امام ابن منذرؒ نے کہا: امام احمدؒ نے سچ فرمایا ہے (یقیناً) سنتوں کو زندہ کرنا اور ان کی اتباع کرنا ہی افضل ہے اور اس کے متعلق ان روایات میں کہ جنہیں ہم نے روایت کیا ہے اس قدر تاکید وارد ہوئی ہے جو اس کے علاوہ کسی اور مسئلہ میں وارد نہیں ہوئی ۔ اور کیونکہ یہ ایسا ذبیحہ ہے کہ جس کا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا ہے لٰہذا ولیمہ اور قربانی کی طرح یہی زیادہ اولٰی ہے ۔
[المغني: 395/13]