صفا و مروہ کی سعی کے بعد نماز
طواف کعبہ کے بعد دو رکعت کی طرح صفا و مروہ کی سعی کے بعد دو رکعت ادا کرنا بدعت ہے۔ متقدمین میں کوئی بھی اس کا قائل نہیں۔
سعی کی نماز کا آغاز :
شارح ہدایہ علامہ ابن ہمام حنفی رحمہ اللہ (861 ھ ) نے پہلی دفعہ ایک نئی نماز متعارف کرائی ہے۔ لکھتے ہیں :
إذا فرغ من السعي يستحب له أن يدخل فيصلي ركعتين ليكون ختم السعي كختم الطواف كما ثبت أن مبدأه بالاستلام كمبدئه عنه عليه الصلاة والسلام ولَا حاجة إلى هذا القياس إذ فيه نض وهو ما روى المطلب بن أبي وداعة قال رأيت رسول الله صلى الله عليه وسلم حين فرغ من سعيه جاء حتى إذا حاذى الركن فصلى ركعتين في حاشية المطاف وليس بينه وبين الطائفين أحد رواه أحمد وابن ماجه وابن حبان
جب آدمی سعی سے فارغ ہو، تو اس کے لیے بیت اللہ کے پاس آکر دو رکعت ادا کرنا مستحب ہے، تا کہ سعی کا اختتام بھی طواف کی طرح ہو ، جیسا کہ ثابت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے طواف کی طرح سعی کی ابتدا بھی استلام حجر اسود سے کی تھی، اس میں قیاس کی کوئی ضرورت نہیں ، اس میں تو واضح نص ہے،سیدنا مطلب بن ابو وداعہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم سعی سے فارغ ہوئے ، تو رکن یمانی کے سامنے آکر مطاف کے کونے میں دو رکعت ادا کیں ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم اور طواف کرنے والوں کے درمیان کوئی بھی نہیں تھا۔ اسے امام احمد ، امام ابن ماجہ اور امام ابن حبان نے روایت کیا ہے۔
(فتح القدير : 460/2)
اس حدیث کے اصل الفاظ ملاحظہ ہوں۔
❀ سیدنا مطلب بن ابی وداعہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے:
رأيت رسول الله صلى الله عليه وسلم إذا فرغ من سبعه جاء حتى يحاذي بالركن فصلى ركعتين في حاشية المطاف وليس بينه وبين الطواف أحد
میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم طواف کے سات چکروں سے فارغ ہو کر رکن یمانی کے سامنے آئے ، تو مطاف کے کونے میں دو رکعت ادا کیں ،طواف کرنے والوں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان کوئی بھی نہ تھا۔
(مسند الإمام أحمد : 399/6، سنن النسائي : 2962، سنن ابن ماجه : 2958)
سند انقطاع کی وجہ سے ضعیف ہے۔ کثیر بن کثیر خود کہتے ہیں کہ انہوں نے اپنے والد سے سماع نہیں کیا۔
(سنن أبي داود : 2016، وسنده صحيح)
اس ضعیف حدیث میں سبعہ کے الفاظ کو سعیہ کے ساتھ بدل دیا گیا، مسند احمد (6/ 399) میں أسبوعه کے الفاظ ہیں ۔
❀ صحیح ابن حبان (2363) میں یہ روایت ان الفاظ کے ساتھ آتی ہے:
حين فرغ من طوافه أتى حاشية المطاف فصلى ركعتين
جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم طواف سے فارغ ہوئے ،تو مطاف کے کونے کے پاس تشریف لائے اور دو رکعت ادا کیں ۔