سوال:
صحابہ کرام کے متعلق کیا عقیدہ ہونا چاہیے؟
جواب :
اہل سنت والجماعت کا صحابہ کے متعلق عقیدہ یہ ہے:
➊ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے محبت کرنا واجب ہے، ان سے محبت ایمان کی دلیل ہے، عقیدہ الولاء کے اول حق دار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہیں، لہذا تمام صحابہ یا بعض صحابہ یا کسی بھی صحابی کے متعلق کینہ اور بغض رکھنا حرام اور ناجائز ہے۔
➋ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نبیوں کے بعد سب امتوں میں افضل ہیں، اللہ تعالیٰ کے ہاں ان کی قدر و منزلت سب سے بلند ہے۔
➌ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم امت محمد صلی اللہ علیہ وسلم میں سب سے بہتر، سب سے بڑے عالم اور کتاب وسنت کے معانی و مفاہیم کو سب سے زیادہ جاننے والے تھے۔
➍ دینی امور میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا فہم ہی معتبر ہے، اسے تسلیم کرنا واجب ہے، لہذا کتاب وسنت کی وہ تعبیریں رد کر دی جائیں گی، جو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے منقول تعبیروں کے خلاف ہوں۔
➎ تمام صحابہ عادل اور نقل روایت میں معتبر ہیں، ان کی تعدیل اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے کر دی ہے۔
➏ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بافضیلت ہیں، صرف صحابی ہونا بھی بہت بڑی فضیلت ہے، البتہ بعض صحابہ کے الگ الگ فضائل بھی ثابت ہیں۔
➐ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں سب سے افضل سیدنا ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ، دوسرے سیدنا عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ، تیسرے سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ اور چوتھے سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ ہیں۔
➑ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے بہ تقاضائے بشریت جو خطائیں سرزد ہوئی ہیں، ان کے متعلق اور مشاجرات کے متعلق زبان بندی ضروری ہے۔
➒ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارے میں رضامندی کا اظہار کرنا اور ان کے لیے دعا اور استغفار کرنا ضروری ہے۔
➓ تمام صحابہ کا دفاع کیا جائے، جو شخص تمام صحابہ یا بعض صحابہ یا کسی صحابی کے متعلق بری رائے پھیلائے یا ان کے متعلق لوگوں کو بدظن کرے، تو اسے روکنا ضروری ہے۔