شہید کو انہی کپڑوں میں کفن دیا جائے جن میں وہ شہید ہوا ہے
➊ حضرت عبد اللہ بن ثعلبہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے شہدائے احد کے متعلق فرمایا:
زملوهم فى ثيابهم
”انہیں ان کے کپڑوں میں ہی لپیٹ دو ۔“
مسند احمد کی ایک روایت میں یہ لفظ ہیں :
زملو هم بدمائهم
”انہیں ان کے خونوں میں ہی چھپا دو ۔“
[صحيح: صحيح نسائي: 1892 ، كتاب الجنائز: باب مواراة الشهيد فى دمه ، أحمد: 431/5 ، نسائي: 78/4]
➋ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے شہدائے احد کے متعلق حکم ارشاد فرمایا کہ ان سے لوہا اور چمڑے اتار لیے جائیں اور فرمایا:
ادفنوهم بدمائهم وثيابهم
”انہیں ان کے خونوں اور ان کے کپڑوں سمیت ہی دفن کر دو .“
[ضعيف: ضعيف أبو داود: 686 ، كتاب الجنائز: باب فى الشهيد يغسل ، أبو داود: 3134 ، ابن ماجة: 1515 ، إرواء الغليل: 709]
(شوکانیؒ) ظاہر بات یہی ہے کہ شہید کو انہی کپڑوں میں دفن کرنے کا حکم کہ جن میں وہ قتل کیا گیا ہے ، وجوب کے لیے ہے۔
[نيل الأوطار: 692/2]
(البانیؒ) شہید کے ان کپڑوں کو اتارنا جائز نہیں جن میں وہ قتل کیا گیا ہے بلکہ اسے انہی کپڑوں میں دفن کیا جائے گا۔
[أحكام الجنائز: ص/ 80]