شلوار ٹخنوں سے نیچے لٹکانے کا حکم
شلوار ٹخنوں سے نیچے لٹکانا حرام ہے اور اس کے دلائل حسب ذیل ہیں:
➊ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من جر ثوبه خيلاء لم ينظر الله إليه يوم القيامة
”جو شخص تکبر کی وجہ سے اپنا تہبند گھسیٹتا ہوا چلے گا اللہ تعالیٰ اس کی طرف قیامت کے دن نظر بھی نہیں کریں گے ۔“
[بخاري: 5784 ، كتاب اللباس: باب من جر إزاره من غير خيلاء]
➋ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
ما أسفل من الكعبين من الإزار ففى النار
”تہبند کا جو حصہ ٹخنوں سے نیچے لٹکا ہو وہ جہنم میں ہو گا ۔“
[بخاري: 5787 ، كتاب اللباس: باب ما أسفل من الكعبين فهو فى النار]
➌ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلى الله عليه وسلم نے فرمایا:
بينما رجل يمشي فى حلة تعجبه نفسه مرحل جمته إذ خسف الله به فهو يتجلجل إلى يوم القيامة
” (بنی اسرائیل میں ) ایک شخص ایک لباس پہن کر کبر و غرور میں سر مست سر کے بالوں میں کنگھی کیے ہوئے اکٹر کر اتراتا جا رہا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے اسے زمین میں دھنسا دیا اب وہ قیامت تک اس میں تڑپتا رہے گا یا دھنستا رہے گا ۔“
ایک روایت میں ہے کہ ”وہ شخص اپنا تہبند گھسیٹتا ہوا چل رہا تھا کہ اسے زمین میں دھنسا دیا گیا ۔“
[بخاري: 5789 ، 5790 ، كتاب اللباس: باب من جر ثوبه من الخيلاء]