یہ اقتباس شیخ مبشر احمد ربانی کی کتاب احکام و مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں سے ماخوذ ہے۔
سوال :
کیا اگر کوئی آدمی سورۃ فتح اور درود شریف کثرت سے پڑھتا رہے تو اس آدمی کو نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت ہو جاتی ہے؟ حدیث کی رو سے وضاحت فرمائیں۔
جواب :
قرآن پاک کی کسی آیت یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی کسی حدیث سے ہمیں یہ بات معلوم نہیں کہ مذکورہ بالا نسخہ پر عمل کرنے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت ہوتی ہو۔ اصحاب تقویٰ اور اہل درع کو خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت ممکنات میں سے ہے۔ کئی ایک ائمہ حدیث خواب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت ہونا بیان کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہیے کہ وہ ہمیں صحیح و باعمل مسلمان بنائے اور اپنے آخری رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کا شرف نصیب فرمائے، ان کے ہاتھوں حوض کوثر سے سیراب ہونے اور ان کی شفاعت سے بہرہ مند ہونے کی توفیق نصیب فرمائے۔ (آمین)