تالیف: ڈاکٹر رضا عبداللہ پاشا حفظ اللہ
سوال:
سلیمان کے کون سے لشکر تھے ؟ کیا ان میں سے جن بھی تھے ؟
جواب :
وَحُشِرَ لِسُلَيْمَانَ جُنُودُهُ مِنَ الْجِنِّ وَالْإِنسِ وَالطَّيْرِ فَهُمْ يُوزَعُونَ ﴿١٧﴾
”اور سلیمان کے لیے اس کے لشکر جمع کیے گئے، جو جنوں اور انسانوں اور پرندوں سے تھے، پھر وہ الگ الگ تقسیم کیے جاتے تھے۔ “ [النمل:17]
یعنی سلیمان علیہ السلام کے لیے جنوں، انسانوں اور پرندوں سے ان کے شکر جمع کیے گئے۔ وہ ان میں ایک عظیم الشان اور بہت بڑے انسانوں کے لشکر میں سوار ہو کر آئے۔ انسان ہی ان کے زیادہ قریب ہوتے تھے، جن ان کے بعد والے مرتبے پر تھے اور پرندوں کا الگ ایک مقام تھا۔ گرمی کے موسم میں وہ پرندے ان پر اپنے پروں سے سایہ کرتے تھے۔
فَهُمْ يُوزَعُونَ وہ ایک ترتیب سے رہتے تھے، تا کہ چلنے میں وہ آگے پیچھے نہ ہوں، جیسا آج کے دور کے بادشاہ کرتے ہیں۔