سوال :
رکوع جاتے اور رکوع سے سر اٹھاتے وقت رفع الیدین کا کیا حکم ہے؟
جواب:
رکوع جاتے ، سر اٹھاتے وقت اور دو رکعتوں سے اٹھتے وقت رفع الیدین کرنا متواتر احادیث سے ثابت ہے۔
حافظ ذہبی رحمہ اللہ (748ھ) نے رفع الیدین کو ”سنت متواترہ“ کہا ہے ۔
(سير أعلام النبلاء : 293/5)
❀ حافظ ابن کثیر رحمہ اللہ (774ھ) فرماتے ہیں:
من الأحاديث الصحيحة المتعددة التى لا يمكن دفعها ولا منعها ولا ردها، وهى متواتر إليه صلوات الله وسلامه عليه، أنه كان يرفع عند الإحرام والركوع، والرفع منه يديه .
”( نماز کے شروع میں ، رکوع جاتے اور رکوع سے سر اٹھاتے وقت رفع الیدین کے بارے میں ) متعدد احادیث صحیحہ موجود ہیں، جنہیں ترک کرنا اور رد کرنا ممکن نہیں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے متواتر منقول ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تکبیر تحریمہ، رکوع جاتے اور رکوع سے سر اٹھاتے وقت رفع الیدین کرتے تھے۔“
(كتاب الأحكام الكبير : 310/2)
❀ علامہ ابن ابی العز رحمہ اللہ (792 ھ) فرماتے ہیں:
أحاديث الرفع تكاد تبلغ التواتر .
” رفع الیدین کی احادیث متواتر ہیں۔“
(التنبيه على مشكلات الهداية : 567/2)