روزے کی حالت میں خوشبو، ٹوتھ پیسٹ اور لوشن کے استعمال کا حکم ؟
سوال :۔
رمضان المبارک میں عطر اور پسینہ کی بو دور کرنے والی اشیاء کے استعمال کے بارے میں کیا حکم ہے؟
فتوی :۔
روزے کی حالت میں کپڑے اور بدن پر خوشبو لگانے میں کوئی حرج نہیں۔ اسی طرح روزے کی حالت میں پاؤڈر وغیرہ کا استعمال اور غسل کرنا جائز ہے جب کہ پیٹ میں کوئی چیز داخل نہ ہونے پائے۔
سوال :۔
روزے کی حالت میں برش کے ساتھ ٹوتھ پیسٹ کے استعمال کے بارے میں شریعت کا کیا حکم ہے؟
اور کیا جلد کو نرم رکھنے والے لوشنوں کا استعمال روزے کے لئے نقصان دہ ہے جبکہ یہ لوشن ایسی قسم کے ہوں جو جلد تک پانی کا اثر نہ پہنچنے دیں؟
فتوی :۔
روزے کی حالت میں ٹوتھ پیسٹ برش کے ذریعے استعمال میں کوئی حرج نہیں، مگر اس پیسٹ کو پیٹ میں داخل ہونے سے روکنا ضروری ہے، اس عمل کو مسواک کے استعمال پر قیاس کیا جائے گا کیونکہ وہ دانتوں اور منہ کی ناگوار بو سے صفائی کے لئے مستحب ہے۔
روزے کی حالت میں ایسے لوشن اور تیل کے استعمال میں کوئی حرج نہیں، کیونکہ وہ صرف جلد کے بیرونی حصے پر ہی اثر انداز ہوتے ہیں اور جسم کے اندر نفوذ نہیں کرتے، تاہم اگر وہ کسی قدر مسامات کے اندر داخل بھی ہو جائیں تو روزہ کو توڑنے والے شمار نہ کئے جائیں گے۔