رمضان اور قرآن کا تعلق صحیح احادیث کی روشنی میں

فونٹ سائز:
یہ اقتباس فضیلتہ الشیخ مُبشر احمد ربانی رحمہ اللہ کی کتاب احکام و مسائل رمضان سے ماخوذ ہے۔

رمضان المبارک اور قرآن مجید :۔

رمضان المبارک اور قرآن مجید کا آپس میں گہرا ربط و تعلق ہے جیسا کہ اوپر ذکر کیا جا چکا ہے کہ قرآن مجید کا نزول رمضان المبارک میں ہوا ہے۔ شاید اسی وجہ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم رمضان المبارک میں قرآن مجید کی تلاوت کثرت سے کیا کرتے تھے۔
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں :
وكان جبريل يلقاه كل ليلة فى رمضان حتى ينسلخ يعرض عليه النبى القرآن
”جبریل علیہ السلام رمضان المبارک کی ہر رات آخر ماہ تک نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ملاقات کرتے تھے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم انہیں قرآن مجید سناتے تھے۔“
(بخاری کتاب الصوم باب اجود ما کان النبی صلی اللہ علیہ وسلم یکون فی رمضان : 1904 ، مسلم : 2308)
سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ :
كان يعرض على النبى القرآن كل عام مرة فعرض عليه مرتين فى العام الذى قبض فيه
”جبریل علیہ السلام نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر ہر سال ایک مرتبہ قرآن حکیم پڑھتے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جس سال فوت ہوئے تو انہوں نے دو مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر قرآن حکیم پڑھا۔“
(بخاری کتاب فضائل القران باب کان جبریل یعرض القرآن علی النبی صلی اللہ علیہ وسلم : 4998)
لہذا ہر مسلمان بھائی کو رمضان المبارک میں قرآن کریم کی تلاوت کثرت سے کرنی چاہیے اور اس کے معانی و مطالب کو سمجھنا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ توفیق عنایت فرمائے۔