رفع یدین پر ایک ایسی متواتر حدیث جس سے انکار ممکن نہیں

فونٹ سائز:
یہ اقتباس محدث العصر حافظ زبیر علی زئی رحمه الله کی کتاب نور العینین فی اثبات رفع الیدین عند الرکوع و بعدہ فی الصلٰوۃ سے ماخوذ ہے۔

اثبات رفع الیدین فی الصلاة

رکوع سے پہلے اور رکوع کے بعد رفع الیدین کے اثبات میں چند صحیح احادیث درج ذیل ہیں:
عن ابن عمر أن رسول الله صلى الله عليه وسلم كان يرفع يديه حذو منكبيه إذا افتتح الصلاة وإذا كبر للركوع وإذا رفع رأسه من الركوع رفعهما كذلك وقال: سمع الله لمن حمده، ربنا لك الحمد وكان لا يفعل ذلك فى السجود.
سیدنا ابن عمر رضی الله عنهما روایت کرتے ہیں کہ رسول الله صلى الله عليه وسلم جب نماز شروع کرتے تو اپنے دونوں ہاتھ کندھوں تک اٹھاتے۔ اسی طرح جب رکوع کی تکبیر کہتے( تو دونوں ہاتھ اٹھاتے) اور جب رکوع سے سر اٹھاتے تو اپنے دونوں ہاتھ اپنے کندھوں تک اٹھاتے اور سمع الله لمن حمده، ربنا لك الحمد کہتے اور سجدوں میں رفع الیدین نہ کرتے تھے۔
[صحیح بخاری ج 1 ص 102 ح 736، 735، 738، صحیح مسلم ص 168 ح 390، مشکوۃ المصابیح اضواء المصالح: 793 واللفظ له]
یہ حدیث درج ذیل کتابوں میں بھی ہے:
صحیح ابن خزیمہ (232/1 ح 456)، صحیح ابن حبان (168/3 ح 1858)، صحیح ابی عوانہ (90/2)، منتقی ابن الجارود (ص 69 ح 177، 178)، جامع ترمذی (59/1 ح 255) وقال: حديث حسن صحيح شرح السنة للبغوی (20/3 ح 559) قال: هذا حديث متفق على صحته الاستذكار لابن عبد البر (125/2) وقال: وهو حديث لا مطعن لأحد فيه
حافظ عراقی نے یہ حدیث ذکر کر کے فرمایا:
فيه فوائد: الأولى فيه رفع اليدين فى هذه المواطن الثلاثة عند تكبيرة الإحرام وعند الركوع وعند الرفع منه وبه قال أكثر العلماء من السلف والخلف
اس حدیث میں کئی فائدے ہیں: پہلا فائدہ یہ ہے کہ رفع الیدین ان تین مقامات پر( ثابت) ہے، نماز شروع کرتے وقت، رکوع سے پہلے اور رکوع کے بعد اور اسی پر اکثر علمائے سلف وخلف نے فتویٰ دیا ہے۔
[طرح التثریب فی شرح التقریب ج 1 ص 252]
سیدنا عبد الله بن عمر رضی الله عنهما سے اس حدیث کو ان کے فرزندار سالم اور ان سے شیخ الاسلام ثقہ بالاجماع امام زہری نے روایت کیا ہے۔ یہ روایت (رکوع سے پہلے اور بعد کے رفع الیدین والی) امام زہری سے متواتر ہے۔ [لسان المیزان 289/5، ترجمہ حمد بن عکاشہ] اس حدیث کی مختصر تحقیق کا جدول اگلے صفحہ پر ملاحظہ فرمائیں۔
تنبیہ:
جدول ملاحظہ کرتے وقت مندرجہ ذیل علامات کو مد نظر رکھا جائے۔
تکبیر تحریمہ والا رفع الیدین 1
رکوع والا رفع الیدین 2
بعد از رکوع والا رفع الیدین 3
بعد از رکعتیں رفع الیدین 4
سجدوں میں نہ کرتے تھے 5

رفع یدین حدیث ابن عمر رض کے راویرفع یدین پر امام مالک کی حدیث کے راوی
اس تحقیق سے متعدد باتیں معلوم ہوئیں:
● امام زہری سے عند الرکوع وبعده والا رفع الیدین متواتر ہے۔
● سفیان بن عیینہ سے عند الرکوع و بعدہ والا رفع الیدین متواتر ہے۔
● مالک بن انس سے عند الرکوع وبعده والا رفع الیدین متواتر ہے۔