سوال:
رفع الیدین میں ہاتھ کہاں تک اٹھانے چاہیے؟
جواب:
رفع الیدین میں ہاتھ کندھوں کے برابر یا کانوں کے برابر یا کانوں کی لو کے برابر اٹھانے چاہیے۔
❀ سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا:
إذا قام فى الصلاة رفع يديه حتى تكونا حذو منكبيه
”آپ نماز کے لیے کھڑے ہوتے، تو دونوں ہاتھ کندھوں کے برابر اٹھاتے۔“
(صحيح البخاري: 736، صحیح مسلم: 390)
❀ سیدنا مالک بن حویرث رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں:
إن رسول الله صلى الله عليه وسلم، كان إذا كبر رفع يديه حتى يحاذي بهما أذنيه
”رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب ’اللہ اکبر‘ کہتے، تو رفع الیدین کرتے، یہاں تک کہ آپ کے ہاتھ کانوں کے برابر ہو جاتے۔“
(صحیح مسلم: 391)
❀ صحیح مسلم کے اس روایت میں یہ الفاظ بھی ہیں:
حتى يحاذي بهما فروع أذنيه
”یہاں تک کہ آپ اپنے ہاتھوں کو کانوں کی لو تک اٹھاتے۔“
(صحیح مسلم: 391)
نماز کے شروع میں رفع الیدین کرتے وقت انگوٹھے کے ساتھ کانوں کی لو کو مس کرنا (چھونا) بدعت ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم، کسی صحابی، تابعی، تبع تابعی یا ثقہ امام سے ثابت نہیں۔