دل و شوگر کے مریض کے لیے روزہ رکھنے یا چھوڑنے کا حکم

فونٹ سائز:
یہ اقتباس فضیلتہ الشیخ مُبشر احمد ربانی رحمہ اللہ کی کتاب احکام و مسائل رمضان سے ماخوذ ہے۔

دل اور شوگر کے مرض میں مبتلا ہے کیا روزہ رکھے؟

سوال :۔

ایک خاتون جو دل اور شوگر کے مرض میں مبتلا ہے۔ ڈاکٹروں نے اسے روزہ نہ رکھنے کی ہدایت کی ہے اس لئے کہ روزہ رکھنے کے باعث اس کی صحت کو مزید نقصان پہنچ جانے کا اندیشہ ہے۔ یہ خاتون گزشتہ سال روزے رکھتی رہی ہے اور اس سال بھی روزے رکھ رہی ہے مگر وہ روزہ رکھنے کے بعد دن بھر سوتی ہے۔ صرف نمازوں کے اوقات میں بستر سے اٹھتی ہے اور نماز پڑھ کر پھر سو جاتی ہے، اگر وہ ایسا کرے (دن بھر سوتی رہے) تو اس کی بیماری میں اضافے کی کوئی علامت نظر نہیں آتی۔ تو کیا اس حال میں اس کا روزہ رکھنا درست ہے؟ یہ خیال رہے کہ پچھلے سال اس خاتون نے تمام روزے رکھے تھے اور ماہواری کے پانچ ایام کے دوران اس نے روزہ نہیں رکھا، مگر بعد میں ان کا کفارہ ادا کر دیا تھا۔

فتوی :۔

ایسی صورت میں جب کہ کسی مریض کے لئے روزہ رکھنا مشکل ہو یا روزہ اس کی بیماری میں اضافے کا یا شفا میں تاخیر کا سبب بن سکتا ہو تو مریض کے لئے روزہ چھوڑ دینا جائز ہے بلکہ اس حالت میں اس کے لئے روزہ چھوڑ دینا ہی بہتر ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ کے اس فرمان کے مطابق کہ :
وَمَن كَانَ مَرِيضًا أَوْ عَلَى سَفَرٍ فَعِدَّةٌ مِّنْ أَيَّامٍ أُخَرَ يُرِيدُ اللهُ بِكُمُ الْيُسْرَ وَلَا يُرِيدُ بِكُمُ الْعُسْرَ (البقرہ: 185)
”جو کوئی تم میں سے بیمار ہو یا سفر کی حالت میں ہو تو گنتی دوسرے دنوں میں پوری کرے۔ اللہ تمہارے حق میں آسانی چاہتا ہے اور تمہیں تنگی میں مبتلا نہیں کرنا چاہتا۔“
چنانچہ اگر اس بیماری کو جاننے والے دو مسلمان ڈاکٹر یا حکیم یہ رائے دے دیں کہ اس مرض کی حالت میں روزہ رکھنا مریض کے لئے نقصان کا باعث ہوگا تو مریض کے لئے روزہ چھوڑ دینا جائز ہے۔ لیکن اگر مریض یا مریضہ آرام کر کے یا سو کر روزہ برداشت کر سکتا ہو جیسا کہ مذکورہ خاتون کرتی ہے تو چونکہ اس طرح روزہ رکھنے سے اس کے مرض کی علامات میں اضافہ نہیں ہوتا اس لئے روزہ چھوڑنا جائز نہیں۔ ہاں اگر اس خاتون کے روزہ رکھنے کی وجہ سے اس کی بیماری کے جاری رہنے یا اس میں اضافہ کا خدشہ ہو تو اس صورت میں اس کو روزہ چھوڑ دینا چاہئے اور اللہ کی عطا کردہ رخصت سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ بعد میں اگر وہ روزوں کی قضا کی طاقت رکھتی ہو تو ایسے دنوں میں، جب اس کی بیماری میں کمی واقع ہو جائے یا سردی کے موسم کے چھوٹے دن ہوں تو اس کو چھوڑے ہوئے روزے رکھنے چاہئیں اگر وہ خود روزے نہ رکھ سکے تو اس کی طرف سے ہر روزے کے بدلے میں ایک مسکین کو ایک مد (تقریباً 600 گرام) گیہوں یا آدھا صاع (تقریباً سوا کلوگرام) کھجوریں کفارے کے طور پر دی جائیں گی اور یہی کفارہ ان ایام کے روزوں کا بھی دیا جائے گا جو اس نے حیض کے دنوں میں پچھلے سال چھوڑ دئیے تھے۔