مسجد میں داخل ہوتے وقت دایاں پاؤں آگے بڑھائیں اور یہ دعا پڑھیں:
بِسْمِ ٱللَّهِ ٱللَّهُمَّ ٱفْتَحْ لِي أَبْوَابَ رَحْمَتِكَ
”اللہ کے نام سے، اے اللہ! میرے لیے اپنی رحمت کے دروازے کھول دے۔“
(مسلم:713)
خواتین کو چاہیے کہ وہ اپنے لیے مقررہ جگہ پر اطمینان اور سکون سے بیٹھیں۔ البتہ مسجد میں تحیۃ المسجد (مسجد میں داخل ہونے کے بعد) دو رکعت پڑھے بغیر نہ بیٹھیں، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إذا دخل أحدكم المسجد فلا يجلس حتى يصلي ركعتين
”جب تم میں سے کوئی مسجد میں داخل ہو تو دو رکعت پڑھے بغیر نہ بیٹھے۔“
(مسلم:714)
ہاں اگر سورج طلوع ہو رہا ہو یا غروب ہو رہا ہو تو بیٹھ جائیں اور نماز نہ پڑھیں اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان اوقات میں نماز پڑھنے سے منع فرمایا ہے۔ بوقت ضرورت اگر کسی فتنہ و فساد کا خطرہ نہ ہو عورت مسجد میں رات بھی بسر کر سکتی ہے۔
(سبل السلام 362/1)
جب مسجد سے باہر نکلیں تو بایاں پاؤں آگے بڑھائیں اور یہ دعا پڑھیں:
ٱللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ مِنْ فَضْلِكَ
”اے اللہ! میں تجھ سے تیرے فضل کا سوال کرتا ہوں۔“
(صحیح مسلم:713)