حضرت جابر رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ ہم علی رضی اللہ عنہ اور فاطمہ رضی اللہ عنہا کی شادی میں حاضر ہوئے۔ اور گھر پر بہت عمدہ مٹی کا پلاستر کیا۔ ہمارے رو برو کشمش اور چھوہارے لائے گئے جو ہم نے کھائے اور شب عروس میں علی رضی اللہ عنہ و فاطمہ رضی اللہ عنہا کا بستر مینڈھے کی کھال تھی۔
[ميزان الاعتدال: 210/4، 211 واخرجه ابن عدي فى الكامل ضمن ترجمه عبدالله هذا]
عبداللہ بن میمون القداح:
اس روایت کا راوی عبداللہ بن میمون القداح المکی ہے۔ جو یہ کہانی جعفر بن محمد سے نقل کر رہا ہے۔ اس کی روایت ترمذی میں پائی جاتی ہے۔ ابو حاتم کہتے ہیں یہ متروک ہے۔
بخاری کا بیان ہے کہ اس کی روایت ردی ہوتی ہے۔ ابن حبان کا بیان ہے کہ اگر یہ کوئی تنہا روایت بیان کرے گا تو ہرگز قابل حجت نہیں ابو زرعہ رازی کا بیان ہے کہ اس کی حدیث واہی ہوتی ہے۔ [ميزان الاعتدال، ج 2، ص: 512]
نسائی لکھتے ہیں، عبداللہ بن میمون القداح ضعیف ہے۔ [الضعفاء والمتروكين للنسائي، ص: 64]