کتاب اللہ میں بہت سی آیات وارد ہیں جن میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے صادر ہونےو الے امور کی اتباع کی ترغیب دلائی گئی ہے اور اس پر ابھارا گیا ہے اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے لائے ہوئے حق اور ہدایت کی مخالفت کرنے نیز شرک و بدعات اور معاصی کے ارتکاب سے روکا گیا ہے۔ ان میں سے اللہ عزوجل کا یہ فرمان ہے:
﴿وَاَنَّ هٰذَا صِرَاطِيْ مُسْتَقِيْماً فَا تَّبِعُوْهُ ط وَلاَ تَتَّبِعُواالسُّبُلَ فَتَفَرَّقَ بِكُمْ عَنْ سَبِيْلِهٖ طذٰلِكُمْ وَصّٰكُمْ بِهٖ لَعَلَّكُمْ تَتَّقُوْنَ﴾ [الانعام: ۱۵۳]
”اور یہ کہ میرا راستہ سیدھا راستہ ہی ہے تم اسی پر چلنا اور راستوں پر نہ چلنا کہ ان پر چل کر اللہ کے راستے سے الگ ہو جاؤ گے ان باتوں کا تمہیں اللہ حکم دیتا ہے تاکہ تم پرہیزگار بنو۔“
نیز یہ فرمان:
﴿وَمَا كَانَ لِمُؤْ مِنٍ وَّلَا مُؤْمِنَةٍ اِذَا قَضَي اللهُ وَرَسُوْلُهٗ اَمْرًا اَنْ يَّكُوْنَ لَهُمُ الْخِيَرَةُ مِنْ اَمْرِهِمْ طوَمَنْ يَّعْصِ اللهَ وَرَسُوْلَهٗ فَقَدْ ضَلَّ ضَلٰلاً مُّبِيْناً﴾ [الاحزاب: ۳۶]
”اور کسی مومن مرد اور مومن عورت کو حق (حاصل) نہیں ہے کہ جب اللہ اور اس کا رسول کوئی امر مقرر کریں تو وہ اس کام میں اپنا بھی کچھ اختیار سمجھیں اور جو کوئی اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کرے وہ صریح گمراہ ہو گیا۔“
نیز فرمایا:
﴿فَلْيَحْذَرِ الَّذِيْنَ يُخَالِفُوْنَ عَنْ اَمْرِهٖ اَنْ تُصِيْبَهُمْ فِتْنَة‘’ اَوْ يُصِيْبَهُمْ عَذَاب اَلِيْم﴾ ”‘ پس جو لوگ آپ (صلی اللہ علیہ وسلم) کے حکم کی مخالفت کرتے ہیں ان کو ڈرنا چاہیئے ایسا نہ ہو کہ ان پر کوئی آفت پڑ جائے یا تکلیف دینے والا عذاب نازل ہو۔“ [ النور: ۶۳]
ابن کثیر نے اس آیت کی تفسیر میں لکھا ہے:
”مطلب یہ ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کی مخالفت سے ڈرنا چاہیئے اور اس (حکم) سے مراد آپ کا راستہ، آپ کا منہج، آپ کا طریقہ، آپ کی سنت اور آپ کی شریعت ہے اس لئے اقوال و اعمال کو آپ کے اقوال و اعمال کی میزان پر تولا جائے گا جو اس کے موافق ہو مقبول ہو گا اور جو اس کے مخالف ہو گا اسے اس کے قائل و فاعل پر لوٹا دیا جائے گا (یعنی رد کر دیا جائے گا) خواہ وہ کئی بھی ہو۔“
جبکہ صحیحین وغیرہ میں ثابت ہے کہ
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من عمل عملاً ليس عليه امرنافهورد
جس نے ایسا عمل کیا جو ہمارے حکم (طریقہ و منہج) کے مطابق نہیں تو وہ مردود ہے۔
[صحيح مسلم: ۱۷۱۸]
یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شریعت کی ظاہری یا باطنی طور پر مخالفت کرنےو الوں کو ڈرنا چاہیئے کہیں ایسا نہ ہو کہ آفت کا شکار ہو جائیں یعنی ان کے دلوںمیں کوئی نفاق یا بدعت پیدا ہو جائے یا انہیں دردناک عذاب آئے یعنی انہیں دنیا میں قتل یا حد شرعی کے نفاذ یا قید یا اسی قسم کی سزا کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
﴿لَقَدْ كَانَ لَكُمْ فِيْ رَسُوْلِ اللهِ اُسْوَة‘’ حَسَنَة‘’ لَّمَنْ كَانَ يَرْجُوْاللهَ وَالْيَوْمَ الْآخِرَ وَذَكَرَ اللهَ كَثِيْراً﴾
”یقیناً تمہارے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں بہترین نمونہ موجود ہے۔ ہر اس شخص کے لئے جو اللہ (کی ملاقات) اور روزِ قیامت (کے آنے) کی امید رکھتا ہو اور اللہ کا کثرت سے ذکر کرتا ہو۔“
[الاحزاب: ۲۱]
نیز فرمایا:
﴿قُلْ اِنْ كُنْتُمْ تُحِبُّوْنَ اللهَ فَاتَّبِعُوْنِيْ يُحْبِبكُمُ اللهُ وَيَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوْ بَكُمْ ط وَاللهُ غَفُوْر‘’ رَّحِيْم﴾ ”‘’اے پیغمبر کہہ دو اگر تم اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری تابعداری کرو خود اللہ تم سے محبت کرے گا اور تمہارے گناہ معاف فرما دے گا اور اللہ تعالیٰ بڑا بخشنے والا مہربان ہے۔“
[ آل عمران: ۳۱]
ابن کثیر رحمہ اللہ اس کی تفسیر میں لکھتے ہیں:
یہ آیت کریمہ ہر اس شخص کے خلاف فیصلہ دے رہی ہے جو اللہ کی محبت کا دعوی کرتا ہے لیکن طریقہ محمدیہ پر نہیں ہے اس لئے کہ وہ درحقیقت جھوٹا ہے تا وقتیکہ اپنے اقوال و اعمال میں دین نبوی اور شرع محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کی تابعداری کرے جیسا کہ صحیح (حدیث) میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے کہ
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
من عمل عملاً ليس عليه امرنا فهورد
جس نے ایسا عمل کیا جوہمارے طریقے کے مطابق نہیں تو وہ مردود ہے۔ [مسلم: ۱۷۱۸]
اس لئے اللہ نے فرمایا:
﴿ ان كنتم تحبون الله فاتبعوني يحببكم الله﴾
” اگر تم اللہ سے محبت رکھتے ہو تو میری تابعداری کرو اللہ تم سے محبت کرے گا“ [آل عمران: ۳۱]
یعنی تمہیں اس سے کہیں زیادہ مل جائے گا جس کے تم اس کے ساتھ محبت کے صلہ میں طالب ہو۔ اور وہ ہے اس کی تمہارے ساتھ محبت۔ پہلی بات سے عظیم تر ہے جیسا کہ اصل علم و حکمت میں سے کسی کا قول ہے: ”عظمت یہ نہیں کہ تم محبت کرو ، عظمت اس سے ہے کہ تم سے محبت کی جائے۔ “
سلف میں حسن بصری وغیرہ کا قول ہے کہ کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا کہ وہ اللہ سے محبت کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ نے اس آیت کے ذریعے ان کی آزمائش کی۔ ﴿قل ان كنتم تحبون الله فاتبعوني يحببكم الله﴾
اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
﴿فَمَنْ تَبِعَ هُدَايَ فَلَا خَوْفٌ عَلَيْهِمْ وَلَا هُمْ يَحْزَنُوْنَ﴾ [البقره: ۳۸]
”پس جنہوں نے میری ہدایت کی پیروی کی ان کو نہ کچھ خوف ہو گا اور نہ وہ غمناک ہوں گے۔“
نیز فرمایا:
﴿فَمَنِ اتَّبِعَ هُدَايَ فَلَايَضِلُّ وَلَا يَشْقٰي . وَمَنْ اَعْرَضَ عَنْ ذِكْرِيْ فَاِنَّ لَهٗ مَعيْشَةً ضَنْكاًوَّنَحْشُرُهٗ يَوْمَ الْقِيٰمَةِ ﴾ ”جو شخص میری ہدایت کی پیروی کرے گا نہ گمراہ ہو گا اور نہ تکلیف میں پڑے گا اور جو میری نصیحت سے منہ پھیرے گا اس کی زندگی تنگ ہو جائے گی اور قیامت کے دن ہم اسے اندھا کر کے اٹھائیں گے۔“ [طه: ۱۲۳۔ ۱۲۴]
نیز فرمایا:
﴿فَلَاوَرَبَّكَ لَا يُؤ مِنُوْنَ حَتّٰي يُحَكَّمُوْكَ فِيْمَا شَجَرَ بَيْنَهُمْ ثُمَّ لَا يَجِدُوْ ا فِيْ اَنْفُسِهِمْ حَرَ جًا مِّمَّا قَضَيْتَ وَيُسَلَّمُوْ ا تَسْلِيْماً﴾
”تمہارے پروردگار کی قسم یہ لوگ جب تک اپنے تنازعات میں تمہیں منصف نہ بنائیں اور جو فیصلہ تم کر دو اس سے اپنے دل میں تنگ نہ ہوں بلکہ اس کو خوشی سے مان لیں تب تک مومن نہیں ہوں گے۔ “ [النساء: ۶۵]
نیزفرمایا:
﴿اِتَّبِعُوْ مَا اُنْزِلَ اِلَيْكُمْ مِنْ رَّبِّكُمْ وَلَا تَتَّبِعُوْا مِنْ دَوْنِهٖ اَوْلِيَاءَ ط قَلِيْلاً مَّا تَذَكَّرُوْنَ﴾
”لوگو!جو (کتاب و سنت) تم پر تمہارے پروردگار کے ہاں سے نازل ہوا اس کی پیروی کرو اور اس کے سوا رفیقوں (اولیاء) کی پیروی نہ کرو تم کم ہی نصیحت قبول کرتے ہو۔“ [ الاعراف: ۳]
نیز فرمایا:
﴿وَمَنْ يَّعْشُ عَنْ ذِكْرِ الرَّحْمٰنِ نُقَيِّضْ لَهٗ شَيْطٰناً فَهُوَ لَهٗ قَرِيْن‘’ . وَاِنَّهُمْ لَيَصُدُّوْنَهُمْ عَنِ السَّبِيْلِ وَيَحْسَبُوْنَ اَنَّهُمْ مُّهْتَدُوْنَ﴾
”اور جو کوئی رحمٰن کی یاد سے آنکھیں بند کرتا ہے یعنی تغافل اختیار کرتا ہے ہم اس پر ایک شیطان مقرر کر دیتے ہیں تو وہ اس کا ساتھی ہو جاتا ہے اور یہ شیطان ان کو اصل راستے سے روکتے رہتے ہیں اور وہ سمجھتے ہیں کہ سیدھے راستے پر ہیں۔“ [الزخرف: ۳۶۔ ۳۷]
نیز فرمایا:
﴿يٰٓاَ يُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا اَطِيْعُوْ اللهَ وَاَطِيْعُو الرَّسُوْلَ وَاُولِي الْاَمْرِ مِنْكُمْ ج فَاِنْ تَنَازَعْتُمْ فِيْ شَيْءٍ فَرُدُّوْهُ اِلَي اللهِ وَالرَّسُوْلِ اِنْ كُنْتُمْ تُؤْ مِنُوْنَ بِاللهِ وَالْيَوْمِ الْاٰخِرِ ط ذٰلِكَ خيْر‘’وَّاَحْسَنُ تَأوِيْلاً﴾
”مومنو!اللہ اور اس کے رسول کی فرماں برادری کرو اور جو تم میں سے صاحب حکومت ہیں ان کی بھی اور اگر کسی بات میں اختلاف واقع ہو تو اگر اللہ اور آخرت پر ایمان رکھتے ہو تو اس میں اللہ اور اس کے رسول کے حکم کی طرف (ہی) رجوع کرو یہ بات بہت اچھی ہے۔“ [ النساء: ۵۹]
نیز فرمایا:
﴿وَمَا اخْتَلَفْتُمْ فِيْهِ مِنْ شَيْءٍ فَحُكْمُهٗ اِلَي اللهِ﴾ [ الشوريٰ: ۱۰]
”اور تم جس بات میں اختلاف کرنے لگو تو اس کا فیصلہ اللہ کی طرف سے ہو گا۔“
نیز فرمایا:
﴿قُلْ اَطِيْعُوْ اللهَ وَاَطِيْعُو االرَّسُوْلَ فَاِنْ تَوَلَّوْ فَاِنَّمَا عَلَيْهِ مَا حُمِّلَ وَ عَلَيْكُمْ مَا حُمِّلْتُمْ ط وَاِنْ تُطِيْعُوْهُ تَهْتَدُوْا ط وَمَا عَلَي الرَّسُوْلِ اِلَّا الْبَلَاغُ الْمُبِيْنُ’﴾
”اے پیغمبر!کہہ دو اللہ کی فرماں برداری کرو اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم پر چلو۔ اگر منہ موڑو گے تو رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ذمہ تو صرف اس چیز کا ادا کرنا ہے جس کا اسے ذمہ دار بنایا گیا اور تمہارے ذمہ اس چیز کو ادا کرنا ہے جس کے تم ذمہ دار بنائے گئے ہو اور اگر تم اس کے حکم پر چلو تو سیدھا راستہ پاؤ گے۔ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے ذمہ تو صاف صاف احکام الٰہی کا پہنچا دینا ہے۔“ [النور: ۵۴]
﴿وَمَآاٰتٰكُمُ الرَّسُوْلُ فَخُذُوْهُ ج وَمَا نَهٰكُمْ عَنْهُ فَانْتَهُوْ ج وَاتَّقُوْ اللهَ ط اِنَّ اللهَ شَدِيْدُ الْعِقَابِ﴾
”سو جو چیز پیغمبر تمہیں دیں وہ لے لو اور جس سے منع کریں اس سے باز رہو اور اللہ سے ڈرتے رہو بے شک اللہ سخت عذاب دینے والا ہے۔“ [الحشر: ۷]
نیز فرمایا:
﴿يٰٓاَيُّهَا الَّذِينَ اٰمَنُوْا لَا تُقَدِّمُوْ بَيْنَ يَدَيِ اللهِ وَرَسُوْ لِهٖ وَتَّقُوْ اللهَ ط اِنَّ اللهَ سَمِيْع عَلِيْم﴾
”ایمان والو کسی بات کے جواب میں اللہ اور اس کے رسول سے پہلے نہ بول اٹھا کرو، اللہ سے ڈرتے رہو بے شک اللہ سننے والا جاننے والا ہے۔“ [الحجرات: ۱]
نیز فرمایا:
﴿يٰٓاَيُّهَا الَّذِيْن اٰمَنُوْا اسْتَجِيْبُوْ لِلهِ وَلِلرَّسُوْلِ اِذَا دَعَاكُمْ لِمَا يُحْيِيْكُمْ ج وَاعْلَمُوْا اَنَّ اللهَ يَحُوْلُ بَيْنَ الْمَرْءِ وَ قَلْبِهٖ وَاَنَّهٗ اِلَيْهِ تُحْشَرُوْنَ﴾
”مومنو! اللہ اور اس کے رسول کا حکم قبول کرو جبکہ وہ (رسول) تمہیں ایسے کام کے لئے بلاتے ہیں جو تم کو زندگی (جاوداں) بخشتا ہے اور جان رکھو اللہ (تعالیٰ)، آدمی اور اس کے دل کے درمیان حائل ہو جاتا ہے اور یہ بھی کہ تم سب اس کے رُوبرُو جمع کئے جاؤ گے۔“ [ الانفال: ۲۴]
نیز فرمایا:
﴿اِنِّمَا كَانَ قَوْلَ الْمُؤ مِنِيْنَ اِذَا دُعُوْآ اِلَي اللهِ وَرَسُوْلِهٖ لِيَحْكُمَ بَيْنَهُمْ اَنْ يَّقُوْلُوْ سَمِعْنَا وَاَطَعْنَا ط وَاُلٰٓئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ. وَمَنْ يُّطِعِ اللهَ وَرَسُوْلَهٗ وَيَخْشَ اللهَ وَيَتَّقْهِ فَاُو لٰٓئِكَ هُمُ الْفَائِزُوْنَ ﴾ [النور: ۵۱۔ ۵۲]
”مومنوں کی بات تو یہ ہے کہ جب اللہ اور اس کے رسول کی طرف بلائے جائیں تاکہ ان میں فیصلہ کریں تو کہیں کہ ہم نے حکم سن لیا اور مان لیا اور یہی لوگ فلاح پانے والے ہیں اور جو شخص اللہ اور اس کے رسول کی فرمانبرداری کرے گا، اللہ کا خوف رکھے گا اور اس کی نافرمانی سے بچتا رہے گا تو ایسے ہی لوگ مراد کو پہنچنے والے ہیں۔“
نیز فرمایا:
﴿اِنَّ الَّذِيْنَ قَا لُوْا رَبُّنَا اللهُ ثُمَّ اسْتَقَامُوْا تَتَنَزَّلُ عَلَيْهِمُ الْمَلٰئِكَةُ اَلَّا تَخَافُوْ اوَلَاتَحْزَنُوْا وَاَبْشِرُوْ ا بِالْجَنَّةِ الَّتِيْ كُنْتُمْ تُوْعَدُوْنَ﴾
جن لوگوں نے کہا ہمارا پروردگار اللہ ہے پھر وہ اس پر قائم رہے ان پر فرشتے اتریں گے اور کہیں گے کہ نہ ”خوف کرو اور نہ غمناک ہو اور بہشت کی جس کا تم سے وعدہ کیا جاتا ہے خوشی مناؤ۔“ [حم سجدہ: ۳۰]
نیز فرمایا:
﴿اَمْ لَهُمْ شُرَ كٰٓؤُ ا شَرَعُوْ لَهُمْ مِّنَ الدِّينِ مَا لَمْ يَأذَنْ م بِهِ اللهُ ﴾
”کیا ان کے شریک ہیں جنہوں نے ان کے لئے ایسا دین مقرر کر دیا ہے جس کا اللہ نے حکم نہیں دیا۔ “ [الشوريٰ: ۲۱]
نیز فرمایا:
﴿فَالَّذِيْنَ اٰمَنُوْ بِهٖ وَعَزَّرُوْهُ وَنَصَرُوْهُ وَاتَّبَعُوْا النُّوْرَ الَّذِيْ اُنْزِلَ مَعَهٗ اُولٰٓئِكَ هُمُ الْمُفْلِحُوْنَ﴾
”تو جو لوگ اس (رسول) پر ایمان لائے اور اس کی رفاقت اختیار کی اور اسے مدد دی اور جو نور اس کے ساتھ نازل ہوا اس کی پیروی کی وہی مراد پانے والے ہیں۔ “ [ الاعراف: ۱۵۷]
اور جب جن قرآن سننے کے بعد اپنی قوم کی طرف نصیحت کنندہ بن کر گئے تو ان کے متعلق فرمایا:
﴿يٰقَوْمَنَآ اَجِيْبُوْ دَا عِيَ اللهِ وَاٰمِنُوْا بِهٖ يَغْفِرْلَكُمْ مِّنْ ذُنُوْبِكُمْ وَ يُجِرْ كُمْ مِّنْ عَذَابٍ اَلِيْمٍ. وَمَنْ لَّا يُجِبْ دَاعِيَ اللهِ فَلَيْسَ بِمُعْجِزٍ فِي الْاَرْضِ وَلَيْسَ لهٗ مِنْ دُوْنِهٖ اَوْلِيَاءُ ط اُولٰٓئِكَ فِيْ ضَلٰلٍ مُّبِيْنٍ ﴾ [الاحقاف: ۳۱۔ ۳۲]
”اے قوم اللہ کی طرف بلانے والے کی بات قبول کرو اور اس پر ایمان لاؤ! تمہارے گناہ بخش دے گا اور تمہیں دکھ دینے والے عذاب سے پناہ میں رکھے گا اور جو شخص اللہ کی طرف بلانے والے کی بات قبول نہ کرے گا تو وہ زمین میں اللہ کو عاجز نہیں کر سکے گا اور نہ اس کے سوا اس کے حمایتی ہوں گے، یہ لوگ صریح گمراہ ہیں۔“