سوال:
کیا GB WhatsApp استعمال کرنا جائز ہے، خاص طور پر کسی کے ڈیلیٹ شدہ میسجز اور اسٹیٹس دیکھنے یا کسی کو یہ محسوس کرانے کے لیے کہ میں نے اس کا میسج نہیں پڑھا؟
جواب از فضیلۃ العالم حافظ خضر حیات حفظہ اللہ
GB WhatsApp یا اس قسم کی ایپس کا استعمال، خاص طور پر ایسی فیچرز کے لیے جو دوسروں کے ڈیلیٹ شدہ میسجز، اسٹیٹس یا راز کو آشکار کرتے ہیں، شرعی، اخلاقی اور قانونی طور پر درست نہیں ہے۔
حدیث مبارکہ:
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے:
"مَنِ اسْتَمَعَ إِلَى حَدِيثِ قَوْمٍ، وَهُمْ لَهُ كَارِهُونَ، أَوْ يَفِرُّونَ مِنْهُ، صُبَّ فِي أُذُنِهِ الآنُكُ يَوْمَ القِيَامَةِ”
[صحیح بخاری: 7042]
ترجمہ:
"جو شخص کسی قوم کی باتیں سننے کی کوشش کرے، حالانکہ وہ اسے ناپسند کرتے ہوں یا اس سے بچنے کی کوشش کر رہے ہوں، تو قیامت کے دن اس کے کانوں میں پگھلا ہوا سیسہ ڈالا جائے گا۔”
تفصیلات:
ڈیلیٹ شدہ میسجز دیکھنا:
- کسی نے میسج ڈیلیٹ کرکے اسے چھپانے کا فیصلہ کیا، اور آپ کا ایسا سافٹ ویئر استعمال کرنا جو اسے ظاہر کرے، یہ شرعی طور پر غلط ہے۔
- یہ عمل دوسروں کی پرائیویسی کی خلاف ورزی کے مترادف ہے، جو اخلاقی طور پر بھی قابل مذمت ہے۔
جی بی واٹس ایپ کی قانونی حیثیت:
- جی بی واٹس ایپ ایک غیر محفوظ اور غیر قانونی ایپ ہے۔
- یہ گوگل پلے اسٹور یا آفیشل ایپ مارکیٹ میں دستیاب نہیں، اور اس کی سیکیورٹی مشکوک ہے۔
نفسیاتی اور سماجی اثرات:
- ایسے لوگ جو دوسروں کے راز جاننے کے شوقین ہوتے ہیں، وہ نفسیاتی مسائل اور بدگمانی کا شکار ہو سکتے ہیں۔
حکم:
- GB WhatsApp یا ایسی ایپس کا استعمال، خاص طور پر ڈیلیٹ شدہ میسجز دیکھنے یا دوسروں کی پرائیویسی میں مداخلت کرنے کے لیے، جائز نہیں ہے۔
- اگر کسی کو یہ ایپ استعمال کرنا ضروری ہو تو ایسے فیچرز کو ڈس ایبل کرنا چاہیے۔