سوال:
جو لوگ سیدنا علی رضی اللہ عنہ یا ان کی الوہیت کے قائل ہیں ، ان کا کیا حکم ہے؟
جواب:
غیر اللہ کو معبود بنانا شرک اکبر ہے اور اس کا مرتکب کافر ہے، خواہ وہ کوئی بھی ہو۔ سیدنا علی رضی اللہ عنہ کو الوہیت کا درجہ دینا یا انہیں معبود ماننا اللہ تعالیٰ کے ساتھ شرک ہے، جو اسلام سے خارج کر دیتا ہے۔
❀اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
﴿إِنَّ الَّذِينَ تَدْعُونَ مِنْ دُونِ اللَّهِ عِبَادٌ أَمْثَالُكُمْ فَادْعُوهُمْ فَلْيَسْتَجِيبُوا لَكُمْ إِنْ كُنْتُمْ صَادِقِينَ﴾
(الأعراف : 194)
”جنہیں تم اللہ کے سوا پکارتے ہو ، وہ تمہارے ہی جیسے بندے ہیں، ان کو پکارو، اگر تم سچے ہو تو وہ تمہیں جواب دے کر دکھائیں۔“
❀نیز فرمان باری تعالیٰ ہے:
﴿قُلِ ادْعُوا الَّذِينَ زَعَمْتُمْ مِنْ دُونِهِ فَلَا يَمْلِكُونَ كَشْفَ الضُّرِّ عَنْكُمْ وَلَا تَحْوِيلًا﴾
(الإسراء : 56)
”کہہ دیجئے ، جنہیں تم اللہ کے سوا پکارتے ہو، وہ تم سے تکلیف دور کرنے اور تکلیف پہنچانے کے مالک نہیں ہیں۔“
❀فرمان الہی ہے:
﴿وَلَا تَدْعُ مَعَ اللَّهِ إِلَٰهًا آخَرَ ۘ لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ﴾
(القصص : 88)
”اللہ کے سوا کسی اور کو مت پکارو، اس کے سوا کوئی الہ نہیں ۔“