جنگلی گدھے کا گوشت حلال ہے
جنگلی گدھے کا گوشت حلال ہے جیسا کہ صحیح احادیث اس پر شاہد ہیں۔ ایک حدیث میں ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو جنگلی گدھے کا گوشت ہدیہ میں دیا گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
لولا أنا محرمون لقبلناه منك
”اگر ہم محرم نہ ہوتے تو اسے تم سے قبول کر لیتے ۔“
[مسلم: 1194 ، كتاب الحج: باب تحريم الصيد المأ كول البرى]
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اگر نبی صلی اللہ علیہ وسلم حالت احرام میں نہ ہوتے تو جنگلی گدھے کا گوشت ضرور تناول فرماتے اور یہ اس کے حلال ہونے کا واضح ثبوت ہے ۔ علاوہ ازیں ایک اور حدیث میں ہے کہ بعض صحابہ نے جنگلی گدھے کا گوشت کھا لیا اور بعض نے انکار کیا اور رسول اللہ صلى الله عليه وسلم سے اس کے متعلق دریافت کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
إنما هي طعمة أطعمكموها الله
”بے شک اللہ تعالیٰ نے تمہیں یہ کھانا کھلایا ہے ۔“
[مسلم: 1196 ، كتاب الحج باب تحريم الصيد الما كول البرى]