جنبی ہونے کی حالت میں روزہ رکھنا :۔
سوال :۔
کیا کسی شخص کا جنبی ہونے کی حالت میں روزہ رکھنا جائز ہے جبکہ جنابت کی یہ حالت پیدا ہونے میں اس کا ارادہ شامل نہ ہو؟
فتوی :۔
حدیث پاک میں ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم مجامعت کے بعد حالت جنابت میں فجر کو اٹھتے پھر غسل کرتے اور روزہ رکھتے۔
(صحیح بخاری کتاب الصوم باب اغتسال الصائم ح : 1930 ، صحیح مسلم کتاب الصیام ح : 1109)
چونکہ جنابت سے غسل کرنا نماز کی درستگی کے لئے ضروری ہے اس لئے واجب غسل کو نماز فجر کے وقت سے مؤخر کرنا جائز نہیں، لیکن اگر کسی شخص پر نیند غالب آگئی اور وہ حالت جنابت میں تھا اور چاشت کے وقت کے قریب ہی بیدار ہو سکا تو وہ جس وقت بیدار ہو اسی وقت غسل کر کے نماز فجر ادا کر لے اور اپنے روزے کو جاری رکھے۔ اسی طرح اگر کوئی روزہ دار دن کے وقت سو گیا اور اس کو احتلام ہو گیا تو وہ اٹھ کر غسل کرے اور نماز ظہر یا عصر جس کا وقت ہو ادا کرے اور اپنے روزے کو پورا کرے۔