جب میاں بیوی میں سے ایک مسلمان ہو جائے تو نکاح فسخ ہو جائے گا
تحریر: عمران ایوب لاہوری

جب میاں بیوی میں سے ایک مسلمان ہو جائے تو نکاح فسخ ہو جائے گا اور عدت واجب ہو جائے گی
➊ جیسا کہ قرآن میں ہے:
لا هُنَّ حِلٌّ لَّهُمْ وَلَا هُمْ يَحِلُّونَ لَهُنَّ [الممتحنة: 10]
”نه يه (مسلمان ہونے والی ) عورتیں اُن (کافروں) کے لیے حلال ہیں اور نہ وہ (کافر) ان (مسلمان ہونے والی) عورتوں کے لیے حلال ہیں۔“
➋ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور مسلمانوں کے لیے مشرکین دو طرح کے تھے۔ ایک اہل حرب کے مشرک کہ جن سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم لڑائی کرتے تھے اور وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے لڑائی کرتے تھے اور دوسرے عہد و پیمان والے مشرک (یعنی زمی وغیرہ) کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان سے جنگ نہیں کرتے تھے اور نہ ہی وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے جنگ کرتے تھے اور جب اہل حرب کی کوئی عورت (مسلمان ہو کر ) ہجرت کر کے (مدینہ ) آتی تو اسے اس وقت تک پیغام نکاح نہ دیا جاتا جب تک اسے حیض نہ آ جاتا اور پھر اس سے پاک نہ ہو جاتی ۔ جب وہ پاک ہو جاتی تو اس سے نکاح جائز ہو جاتا۔ اگر ان کے شوہران کے کسی دوسرے شخص سے نکاح کر لینے سے پہلے ہجرت کر کے آ جاتے تو یہ انہیں کو ملتیں اور اگر مشرکین میں سے کوئی غلام یا لونڈی مسلمان ہو کر ہجرت کرتے تو وہ آزاد سمجھے جاتے اور ان کے وہی حقوق ہوتے جو تمام مہاجرین کے تھے۔
[بخاري: 5286 ، كتاب الطلاق: باب نكاح من أسلم من المشركات وعدتهن]
امام زہریؒ فرماتے ہیں کہ ہمیں اس معاملے میں ”کہ کوئی عورت اللہ اور اس کے رسول کی طرف ہجرت کر کے آئی اور اس کا شوہر دار الحرب میں کافر اور مقیم تھا۔“ صرف یہی بات پہنچی ہے کہ اس عورت کی ہجرت نے اس کے درمیان اور اس کے شوہر کے درمیان جدائی ڈال دی ہے ۔ اِلا کہ اس کا خاوند اس کی عدت پوری ہونے سے پہلے ہجرت کر آئے اور ہمیں ایسی کوئی بات نہیں پہنچی کہ کسی بھی عورت اور اس کے خاوند کے درمیان تفریق کی گئی ہو جبکہ اس کا خاوند آ جائے اور وہ ابھی اپنی عدت میں ہی ہو۔
[مؤطا: 544/2]
یاد رہے کہ عدت پوری ہونے کے بعد عورت کو دوسرا نکاح کرنے کا اختیار ہے لیکن اگر وہ نکاح نہ کرے اور پہلا شوہر بھی مسلمان ہو جائے تو وہ دونوں پہلے نکاح پر ہی برقرار رہیں گے۔

یہ پوسٹ اپنے دوست احباب کیساتھ شئیر کریں

فیس بک
وٹس اپ
ٹویٹر ایکس
ای میل

موضوع سے متعلق دیگر تحریریں:

تبصرہ کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

1